آندھرا میں پٹاخوں کی یونٹ میں دھماکہ ‘ 2 افراد ہلاک

وجئے واڑہ 31 ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش کے نیلور ٹاؤن کے مضافات میں پورلو کٹا کے مقام پر پٹاخے تیار کرنے کی ایک یونٹ میں ہوئے دھماکہ میں کم از کم دو افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 11 دوسرے زخمی ہیں۔ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ ضلع ایس پی وشال گنی کے بموجب دھماکہ کی وجہ کا ابھی علم نہیں ہوسکا ہے ۔ ضلع کلکٹر آر متیالا راجو اور ایس پی گنی نے مقام واقعہ پر پہونچ کر راحت و امداد کے کاموں کا جائزہ لیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر این چنا راجپا نے ضلع ایس پی سے فون پر بات کرتے ہوئے انہیں زخمیوں کو بہتر علاج معالجہ کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے ایس پی کو اس واقعہ کی تحقیقات کی بھی ہدایت دی اور کہا کہ وہ فوری رپورٹ بھی پیش کریں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے ضلع انتظامیہ کو پاخوں کی تیاری کے غیر قانونی یونٹس کا پتہ چلانے اور انہیں بند کرنے کی ہدایت دی ۔اس دوران ذرائع نے کہا کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ اس واقعہ میں زخمی کچھ افراد کی حالت نازک ہے اور وہ بہت زیادہ جھلس گئے ہیں۔