آندھراپردیش میں نئی اختراعی پالیسی ’’ایک ریاست ایک سیریز ‘‘متعارف

نئی گاڑیوں کیلئے نئے نمبرات ، آر ٹی اے دفاتر میں عمل آوری کا آغاز
حیدرآباد /30 جنوری ( سیاست نیوز ) حکومت آندھراپردیش نے ’’ ایک ریاست ، ایک سیریز‘‘ کے نام سے ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ کے زیر اہتمام ایک نئی اختراعی پالیسی کا آغاز کیا ہے اور اس نئی اختراعی پالیسی کا آج وزیر ٹرانسپورٹ کے اچن نائیڈو نے باقاعدہ طور پر افتتاح کے بعد مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج سے رجسٹریشن کی جانے والی نئی موٹر گاڑیوں کیلئے اے پی AP-39 سیریز کے ساتھ گاڑیوں کے نمبرات الاٹ کئے جائیں گے ۔ ریاست کے تمام آر ٹی اے دفاتر میں آج سے ہی اس نئی پالیسی پر عمل آوری ہوگی ۔ اس پروگرام کے موقع پر بالا سبرامنیم کمشنر محکمہ ٹرانسپورٹ و دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں اب تک گاڑیوں کیلئے ہر ضلع کیلئے علحدہ کوڈ ہوا کرتا تھا ۔ اس طرح آئندہ سے ہر ضلع کیلئے ہر نئی گاڑی کیلئے Ap-39 سیریز کے ساتھ نیا نمبر الاٹ کیا جائے گا ۔ اچن نائیڈو نے کہا کہ اس نئی پالیسی کے تحت آر ٹی سی بسوں کیلئے AP39Z پولیس کی گاڑیوں کیلئے AP39P ٹرانسپورٹ گاڑیوں کیلئے AP39T کے ساتھ U,V,W,X,Y سیریز مختص کئے گئے ۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ دنیا بھر میں کہیں بھی نہ پائے جانے کی طرح ایک ریاست ایک سیریز کے طریقہ کار کا اپنی نوعیت کا منفرد پروگرام شروع کیا گیا۔گذشتہ عرصہ کے دوران محکمہ ٹرانسپورٹ کا نام کہتے ہی کرپشن کا محکمہ ہونے کا اظہار کیا جاتا تھا ۔ بالا سبرامنیم نے بتایا کہ اندرون 60 یوم محکمہ ٹرانسپورٹ کی تمام خدمات کو آن لائین کردیا گیا ۔ نئی گاڑیوں کی خرید کرکے رجسٹریشن نمبر حاصل کرنے کیلئے گذشتہ عرصہ کے دوران زائد از دو ماہ درکار ہوا کرتے تھے ۔ لیکن اب گاڑی کی خریدی کرنے کے ساتھ ہی اسی شوروم میں گاڑی کے رجسٹریشن کی کارروائی کا آغاز کیا جارہا ہے ۔ ٹرانسپورٹ میں جملہ 83 سرویس کے منجملہ 70 سرویس آن لائین کے ذریعہ انجام دی جارہی ہے ۔