آندھراپردیش میں تلگودیشم کی ڈیجیٹل فوج کی تیاری

والینٹرس اور ورکرس کو قائدانہ صلاحیت کی تربیت
حیدرآباد ۔ 9 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی ریاست آندھراپردیش میں ڈیجیٹل فوج کو تیار کررہی ہے اور سماجی اعتبار سے بھی تلگودیشم پارٹی کی آواز دینے والینٹرس اور ورکرس کو قائدانہ صلاحیتوں کی خصوصی تربیت فراہم کرے گی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ منگل گیری کے قریب واقع ایک ہوٹل میں ترتیب دیئے گئے تربیتی پروگرام آج یعنی 9 تا 11 ڈسمبر تین دن تک جاری رہے گا۔ سرکاری حکمرانی میں ڈیجیٹل طریقہ کار کو اولین اہمیت دیئے جانے کے پیش نظر حکومت اور پارٹی کے مابین ایک توسط کو برقرار رہنے جیسی تربیت دے کر ان والینٹرس و کارکنوں کو تیار کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہیکہ تلگو ریاستوں کے ساتھ ساتھ ٹاملناڈو اور کرناٹک میں بھی پبلسٹی بڑے پیمانے پر کی جائے گی۔ اس سہ روزہ لیڈر شپ پروگرام میں قومی جنرل سکریٹری تلگودیشم پارٹی و وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی مسٹر این لوکیش نائیڈو بھی حصہ لیں گے اور ڈیجیٹل فوج کیلئے حکمت عملی کو قطعیت دیں گے۔ علاوہ ازیں آنے والے (یعنی سال 2019) انتخابات تک تقریباً ایک لاکھ افراد پر مشتمل ڈیجیٹل فوج کو تیار کرنے کا تلگودیشم پارٹی منصوبہ رکھتی ہے۔