آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے صنعت کار کا بنگالورومیں قتل

حیدرآباد 31اکتوبر (یواین آئی ) آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے ایک صنعت کار کا بنگالورومیں قتل کردیا گیا ۔ اس کی شناخت پی سریندر کمار کے طور پر کی گئی ہے جس نے پرچوری گلوبل فاؤنڈیشن قائم کیا تھا۔ اس کے دفتر سے گھر جانے کے دوران نامعلوم افراد نے بائیک پر اس کا پیچھا کیا اور گھر کے قریب اس پر چھ راؤنڈ فائرنگ کی ۔ مقامی افراد نے فائرنگ کی آواز کو پٹاخوں کی آواز سمجھا ۔ کچھ دیر بعد مقامی افراد نے اس کی شناخت کرتے ہوئے پولیس کو اس کی اطلاع دی جس کے بعد پولیس وہاں پہونچی ۔ پولیس نے اسے اسپتال منتقل کیا ۔ تاہم اسپتال میں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی ۔ پولیس نے اس کے سابق منیجر پر شبہ ظاہر کیا ۔ مقام واقعہ کے قریب واقع ایک گھر کے سی سی ٹی وی کیمرے سے ملی فوٹیج کا پولیس تجزیہ کررہی ہے ۔ سریندر کمار کا تعلق آندھراپردیش کے ضلع گنٹور سے ہے جو 15سال سے بنگلورو میں مقیم ہے ۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا کہ رئیل اسٹیٹ کا تنازعہ قتل کی اہم وجہ ہے ۔ قاتلوں کو گرفتار کرنے کیلئے پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔