آندھراو تلنگانہ میں امن و قانون کی صورتحال بہتر

گورنر نرسمہن کی نئی دہلی میں وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے بات چیت
حیدرآباد۔30مارچ ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ اور آندھراپردیش دونوں ہی ریاستوں میں امن و ضبط کی صورتحال بہتر اور مکمل قابو میںہے ۔ گورنر ریاست تلنگانہ و آندھراپردیش مسٹر ای ایس ایل نرسمہن جو سہ روزہ دورہ پر آج دہلی پہنچے ۔ مرکزی وزیر داخلہ مسٹر راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور ان دونوں ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش سے متعلق مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ہی ریاستوں میں امن و ضبط کی صورتحال کافی بہتر اور مکمل قابو میں ہے ۔ گورنر نے مرکزی وزیر داخلہ سے ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے مسٹر راج ناتھ سنگھ سے ان کی ملاقات ایک عام نوعیت اور خیرسگالی ملاقات ہے ‘ چونکہ وہ دورہ دہلی پر آئے ہوئے ہیں تو مرکزی وزیر داخلہ سے ملاقات کر کے مختلف اُمور پر بات چیت کی گئی اور انہیں ( مرکزی وزیر داخلہ ) اس بات سے واقف کروایا گیا کہ دونوں ہی ریاستیں ترقی کی سمت گامزن ہیں اور اگر اتفاقی طور پر دونوں ریاستوں کے مابین کوئی مسائل درپیش ہوں تو وہ آپس میں مل بیٹھ کر ان مسائل کی یکسوئی پراپنی اولین ترجیح دے رہے ہیں ۔ دہلی کے باوثوق ذرائع نے یہ بات کہی اور بتایا کہ گورنر تلنگانہ و آندھراپردیش مسٹر ای ایس ایل نرسمہن اپنے قیام دہلی کے دوران توقع ہیکہ وزیراعظم مسٹر نریندر مودی صدرجمہوریہ ہند مسٹر پرنب مکرجی کے علاوہ مختلف مرکزی وزراء سے بھی ملاقات کریں گے ۔