آمنگل میں منڈل پریشد انتخابات

آمنگل۔/3اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آمنگل منڈل پریشد انتخابات میں تین اہم سیاسی جماعتوں کے قائدین خود کو ایک دوسرے کے مد مقابل صف آراء کرنے میں جٹ گئے ہیں۔ ہر سیاسی پارٹی عوام کو اپنی اپنی کارکردگی اور ترقیاتی کاموں کی تفصیلات سنارہی ہے۔ اس سلسلہ میں ٹی آر ایس پارٹی ایک قدم آگے بڑھ کر عوام کو کانگریس کی پالیسیوں اور کوتاہیوں سے واقف کروانے میں لگی ہوئی ہے۔ آمنگل منڈل سے رکن اسمبلی کی دعویداری کے امیدوار ومشی چندر ریڈی نے حلقہ آمنگل میں انتخابی جنگ کا بگل بجاکر پارٹی ورکرس کو تیار رہنے کی ہدایت دے دی ہے اور خود بھی کمربستہ ہوگئے ہیں اور ایڑی چوٹی کا زور لگاکر ٹی آر ایس اور بی جے پی کیلئے مشکلات پیدا کرنے تمام منصوبہ بندیاں طئے کرتے جارہے ہیں۔ ومشی چندر ریڈی مرکزی وزیر جئے پال ریڈی کے قریبی رشتہ دار ہیں۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جئے پال ریڈی کے نواسے ہیں اس لئے کانگریس پارٹی سے آمنگل منڈل سے حلقہ اسمبلی کے لئے امیدواروں کے نام کا اعلان ہونے کی توقع ہے۔ ومشی چندر ریڈی نے آمنگل منڈل کے 18ایم پی ٹی سی مقامات پر کانگریس پارٹی کی کامیابی کیلئے بہت جدوجہد کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ ومشی چندرا ریڈی نے آمنگل منڈل میں مختلف ترقیاتی کاموں، فلاحی اسکیموں، قانون سازی، امن و ضبط جیسے موضوعات کی تشہیر میں لگی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ کانگریس کے قائدین سڑکوں کی تعمیر، اندراماں اسکیم، بنگارو تلی، آبپاشی نظام میں بہتری کی سہولیات اور کسانوں کیلئے کئے گئے اقدامات سے واقف کرواتے ہوئے عوام کو کانگریس پارٹی کی طرف موڑنے کی کوشش کررہے ہیں۔