کینبرا ۔ 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقی اوپنر ہاشم آملہ نے ایک اور ریکارڈ سنچری اسکور کرتے ہوئے ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے متواتر دوسرے مقابلہ میں 400 سے زائد رنز کے مجموعی اسکور میں کلیدی رول ادا کیا۔ ہاشم آملہ نے 128 گیندوں میں 16 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 159 رنز اسکور کرنے کے علاوہ فاف ڈوپلیسی (109) کے ہمراہ ریکارڈ 247 رنز کی پارٹنر شپ نبھاتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور 411/4 تک پہنچانے میں اہم رول ادا کیا۔ جوابی اننگز میں آئرلینڈ کی ٹیم 210 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ آئرلینڈ کیلئے بال بیرین نے 58 رنز کی اور کیون اوبرین نے 48 رنز کی اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقہ کیلئے 100 واں مقابلہ کھیلنے والے ڈیل اسٹین نے 8 اوور میں 39 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ کیلی ابیٹ نے 8 اوورس میں 21 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ علاوہ ازیں البی مرکل نے 9 اوررس میں 34 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اے بی ڈی ولیرس نے دو اوورس میں 7 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ آملہ نے 108 ویں مقابلہ میں 20 ویں سنچری اسکور کرتے ہوئے ہندوستانی نائب کپتان کوہلی کی جانب سے 133 ویں ونڈے میں بنائے جانے والی 20 ویں سنچری کو باآسانی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ شاندارمظاہرہ پر انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا ہے۔