جوہانسبرگ 2 جون (سیاست ڈاٹ کام ) اسٹار بیٹسمین ہاشم آملہ اور جارحانہ کھلاڑی اے بی ڈیولیئرس جنوبی افریقی ٹسٹ ٹیم کے قیادت کیلئے مضبوط امیدوار ہیں جیسا کہ گرائم اسمتھ کی سبکدوشی کے بعد قیادت کیلئے نئے کھلاڑی کا انتخاب ہونا ہے ۔ کرکٹ ساوتھ آفریقہ کے ایک اہم اجلاس میں ٹسٹ ٹیم کے کپتان کے متعلق فیصلہ کیا جائے گا کیونکہ مارچ میں آسٹریلیا کے خلاف منعقدہ ٹسٹ سیریز کے بعد اسمتھ نے ٹسٹ کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا ہے ۔ نئے کپتان کیلئے سلیکٹر اپنی تجاویز پیش کریں گے لیکن قطعی فیصلہ بورڈ کی جانب سے کیا جائے گا ۔جنوبی آفریقی ٹسٹ ٹیم کے نئے کپتان کیلئے پہلی سیریز جولائی میں سری لنکا کے خلاف ہوں گی جہاں میزبان ٹیم کے خلاف انہیں دو مقابلوں میں جنوبی افریقہ ٹیم کی قیادت کرنی ہوگی۔ 30 سالہ ڈیولیئرس اسمتھ کی قیادت میں ان کے نائب رہ چکے ہیں جبکہ آملہ انڈر 19 ورلڈ کپ ٹیم کی قیادت کرچکے ہیں۔