آل انڈیا مینس ٹینس : شیخ و دیگر کی آسان کامیابی

ممبئی ، 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ٹاپ سیڈ عبداللہ شیخ (آندھرا پردیش) نے مغربی بنگال کے سورو سوکل کو بہ آسانی سیدھے سٹوں میں شکست دے کر کھر جمخانہ آل انڈیا مینس اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے آج یہاں سنگلز سکنڈ راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی۔ شیخ نے 6-4، 6-1 سے جیت درج کرائی اور تھرڈ سیڈ ممبئی کے حادین باوا کے ساتھ شامل ہوگئے، جنھیں مہاراشٹرا کے ہی اَن سیڈیڈ کنال وزیرانی کے مقابل 6-2، 6-1 سے بہت آسان کامیابی ملی۔ شیخ نے انویت بیندرے کے ساتھ بھی جوڑی بنا کر کرناٹک کے حریفوں سورج پربودھ اور دیو پرجوال کو ڈبلز فرسٹ راؤنڈ میں 7-5، 6-3 سے شکست دی۔ دیگر سنگلز ونرز راجستھان کے فیصل قمر، اے پی کے وگنیش پیرانملور اور مہاراشٹرا کی جوڑی سوربھ پاٹل اور شہباز خان ہیں، جو تمام سیدھے سٹوں میں جیت کر سکنڈ راؤنڈ میں پہنچ گئے ہیں۔ فیصل نے مہاراشٹرا کے نیشت وکیل کو 6-2، 6-1 سے ہرایا۔ سوربھ پاٹل نے مہاراشٹرا کے ساحل گاوارے کو 6-2، 6-0 سے شکست فاش دی۔