یلاریڈی ۔ /3 جون ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) یلاریڈی مستقر پر آبی ذخائر موجود ہونے کے باوجود عوام کو صاف پینے کا پانی میسر نہیں۔ موسم گرما میں کئی مقامات پر آبی قلت ہونے کی وجہ سے عوام کافی پریشان ہیں لیکن یلاریڈی مستقر کا حال بالکل برعکس ہے۔ یہاں پینے کے پانی کا غیر معمولی ذخیرہ ہونے کے باوجود بھی عوام کو صاف پینے کا پانی سربراہ کرنے میں متعلقہ عہدیدار ناکام رہے ہیں۔ سرپنچ سے لے کر عہدیدار عوام کی اس شکایت پر عدم توجہ کا رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں جس سے مجبوراً عوام کو منرل واٹر خرید کر پینے کی نوبت آگئی ہے اور غریب عوام آلودہ پانی ہی تشنگی دور کرنے استعمال کرنے پر مجبور ہیں جبکہ یلاریڈی کا آبی ذخیرہ بڑا تالاب جو پینے کے پانی کیلئے کافی ہے اور اس میں گرما کے باوجود آبی ذخیرہ اطمینان بخش ہے مگر اسے فلٹر کرکے عوام تک سربراہ کرنے میں عہدیدار عدم دلچسپی کا مظاہرہ کررہے ہیں جس سے روزانہ تالاب سے نلوں میںبغیر فلٹر کیا ہوا آلودہ پانی آرہا ہے۔ یہ دیکھ کر عوام میں کئی دنوں سے برہمی پائی جاتی ہے۔ پانی کے ذخائر ہونے کے باوجود اسے صاف کرنے میں عہدیداروں کو دلچسپی نہیں جس سے عوام کی صحت کو خطرہ ہے۔ عہدیداروں کی لاپرواہی سے منرل واٹر والوں کی چاندی ہورہی ہے۔ ایک طرف یوم تاسیس تلنگانہ میں برقی قمقموں کے ساتھ رنگارنگ تقاریب اور دوسری طرف عوام پینے کے پانی کیلئے مجبور ہیں عجیب سا لگتا ہے۔ جشن منائیں یا ماتم عوام کو سوچنے پر مجبور کردیا ہے۔