گلبرگہ کے دیہی مسائل کا جائزہ لینے پر زور، عہدیداروں کے اجلاس سے ضلع انچارج وزیر پریانک کھرگے کا خطاب
گلبرگہ 2اکتوبر :(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع انچارج وزیر گلبرگہ مسٹر پریانک کھرگے نے پیر کے دن دفتر ڈپٹی کمشنر گلبرگہ کے اجلاس ہال میں کرناٹک ڈیولپمنٹ پروگرام کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عہدہ داران پر زور دیا کہ وہ عوام کو پینے کا صاف پانی سربراہ کریں اور ہر مہینہ مختلف دیہاتوںکاپابندی کے ساتھ دورہ کرکے وہاںکے مسائل کا جائیزہ لیں ۔ اس اجلاس میں علاقائی کمشنر سبودھ یادو ، ڈپٹی کمشنر آر وینکٹیش کمار اور ضلع پنچایت گلبرگہ کی صدر نشین ہیپشی با رانی کورلاپتی شریک تھیں ۔وزیر موصوف نے کہا کہ پانی کی آلودگی کے سبب عوام کو مختلف بیماریوں اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ لہٰذا اس مسئلہ پر متعلقہ عہدہ داران کو فوری توجہ دینی چاہئے ۔ چونکہ ضلع گلبرگہ کو خشکی سے متاثرہ ضلع قرار دیا گیا ہے لہٰذا عوام کو فلورائیڈ اور ارسینک سے آزاد پانی سربراہ کیا جانا چاہئے ۔ ضلع گلبرگہ میں شراب ہر جگہ قانونی و غیر قانونی طور پر فروخت ہوتی نظر آرہی ہے۔ وزیر موصوف نے متعلقہ محکمہ آب کاری کے عہدہ داران پر زور دیا کہ وہ اس طرح کی فروخت پر پابندی عائدکریں کیوںکہ ضلع بھر میںنوجوان بری عادتوںمیں مبتلا ہورہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ضلع بھر میں شراب کی فروخت کے قاعدوں کی خلاف ورزی کرنے والے تاجروںکے خلاف سخت کاروائی کرنا ضروری ہے۔ چنچولی کے رکن اسمبلی ڈاکٹر امیش جادھو، افضل پور کے رکن اسمبلی اویم وائی ؤپاٹل کے علاوہ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ضلع گلبرگہ مسٹر این ششی کمار و دیگر عہدہ داران بھی اجلاس میں شریک تھے۔