تانڈور /21 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بلدیہ تانڈور کے بلدی حلقہ شاہی پور میں ہریتا ہارم پروگرام کے تحت 60 پودے لگائے گئے ۔ اس موقع پر اے ایس پی پولیس محترمہ چندناپتی IAS اور محترمہ وجئے لکشمی صدرنشین بلدیہ تانڈور نے شجرکاری انجام دی ۔ محترمہ نیرجا کونسلر نے ان عہدیداروں کا خیرمقدم کیا ۔ ان کے شوہر بال ریڈی نے بھی شجرکاری میں حصہ لیا ۔ اس کے بعد عوامی مجمعہ سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ چندناپتی اسسٹنٹ ایس پی ضلع رنگاریڈی نے کہا کہ شجرکاری کے ذریعہ ایک حد تک آلودگی اور خشک سالی سے نمٹا جاسکتا ہے۔ شری سدھاکر زرعی سائنسدان زرعی ریسرچ سنٹر تانڈور کے بموجب بدھ کو 17 گھنٹہ کی بارش میں 43.50 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ اس سے تانڈور کے بیشتر آبی ذخائر لبریز ہوگئے ہیں۔ بلدی حکام نے بہتر بارش کے پیش نظر کاگنا ندی میں نوتعمیر شدہ پیک ڈیم میں خاطر خواہ ذخیرہ کے بعد شہریان تانڈور کیلئے روزآنہ کی اساس پر نلوں کو کشادہ کردیا ہے ۔ قبل ازیں ایک دن کے وقفہ سے پانی سربراہ کیا جارہا تھا ۔