آفریدی کی شاندار بولنگ،پاکستان 45 رنز سے کامیاب

ہرارے ۔5 جولائی(سیاست ڈاٹ کام) سہ رخی ٹی20 ٹورنمنٹ کے پانچویں میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 45 رنز سے شکست دی ہے۔ہرارے میں کھیلے گئے میچ میںآسٹریلیائی ٹیم مطلوبہ نشانہ194رنز کے تعاقب میں 7 وکٹوں پر 149 رنز بناسکی۔ ٹیم کی جانب سے ایلکس کیری 37 اور شارٹ 28رنز اسکور کرکے نمایاں رہے تاہم گزشتہ 2 میچوں میں دھواں دھار اننگز کھیلنے والے کپتان ایرون فنچ آج ناکام ہوئے اور صرف 16رنز بنا کر چلتے بنے۔پاکستانی بولروں کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی سب سے کامیاب رہے انہوں نے 37رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ محمد عامر، عثمان خان، شاداب خان اور فہیم اشرف فی کس ایک وکٹ لے سکے۔آفریدی کا یہ دوسرا ہی بین الاقوامی ٹی 20 مقابلہ تھا۔قبل ازیں آسٹریلیائی کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر سرفراز کی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو فخر زمان نے 42گیندوں پر 3چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے جارحانہ73رنز کی اننگز کھیلی جبکہ نوجوان بیٹسمین آصف علی37 ، حسین طلعت30 اورشعیب ملک نے 27رنز اسکور کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 194رنزکا بڑا اسکوربنانے میں اہم کردار اداکیا۔پاکستانی اننگز کے دوران حسین طلعت اور فخر زمان نے دوسری وکٹ کیلئے شاندارکھیل پیش کرتے ہوئے 72 رنز جوڑے اور ٹیم کو ابتداء میں پہلی وکٹ گرنے کے بعد بڑے اسکور کیلئے دوبارہ ٹیم میں بہتر موقف فراہم کیا۔ آسٹریلیائی کیلئے اینڈریو ٹائی نے 3 جبکہ ایشٹن اگر 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ آسٹریلیا کے خلاف 73 رنزکی اننگز کھیلنے والے فخر زمان رواں سال سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے۔
ہندوستانی اوپنر شکھر دھون نے رواں سال اب تک 10اننگز میں 419 رنز بنائے ۔