کراچی۔ 22؍دسمبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ پاکستانی ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر صلا ح الدین صلو نے کہا کہ شاہد آفریدی جیسے کرکٹر روز پیدا نہیں ہوتے۔ پاکستان کرکٹ میں ان کی کارکردگی کوسنہری الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ شاہد کی سبکدوشی کے فیصلے سے مجھے دھکا لگا ہے۔ صلاح الدین صلو نے کہا کہ میری نیک خواہشات شاہد آفریدی کے ساتھ ہیں۔ایسے کھلاڑی روز روز پیدا نہیں ہوتے جو شائقین کے دِلوں پر حکمرانی کرتے ہیں۔ابھی ان کی کرکٹ باقی ہے۔آفریدی کی سبکدوشی سے اب کرکٹ کے میدان میں انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔سا بق ٹسٹ بیٹسمین محمد یوسف نے آفریدی کی سبکدوشی کے حوالے سے کہا کہ آفریدی نے اچھا فیصلہ کیا ہے ان کی سبکدوشی سے ٹیم کو کوئی فرق نہیں پڑے گا امید ہے جلد ان کی جگہ متبادل کھلاڑی آجائے گا جب کہ سابق آف اسپنر توصیف احمد نے کہا کہ آفریدی کی پاکستان کرکٹ کیلئے بہت خدمات ہیں آدھا بھی پلیئر ان جیسا آگیا تو میں سمجھتا ہوں کہ پاکستانی ٹیم کے لئے بہترین ثابت ہوگا ان جیسا کھلاڑی صدیوں میں ایک پیدا ہوتا ہے۔جو نوجوان کھلاڑی ان کو رول ماڈل سمجھتے ہیں ان کو چاہئے کہ محنت کرکے ان کی جگہ لیں اور اپنا نام بنائیں۔ آفریدی نے بڑے میچز اور قابل شکست میچز کو فتح میں تبدیل کیا جن کا ان کو سہرا دینا چاہئے۔سابق کپتان جاوید میانداد نے کہا کہ شاہد آفریدی ٹیم میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہیں ان کی جگہ کوئی پوری نہیں کرسکے گا امید ہے کہ نوجوان کرکٹر ان جیسی جارحانہ کرکٹ کو ترقی دیں گے۔ سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ شاہد آفریدی ملک بھر میں ہی نہیں پوری دنیا کے کرکٹ شائقین کے پسندیدہ کھلاڑی ہیں ان جیسا جارحانہ انداز میں کھیلنے والا کرکٹر کیریئر میں نہیں دیکھا امید ہے ان کی سبکدوشی کے بعد پی سی بی سلیکٹرز ان کے متبادل کے طورپر بہترین انتخاب کرکے ان کی کمی پوری کریں گے۔