آفریدی کی انگلینڈ کیخلاف ٹوئنٹی 20 میں شرکت کا امکان

لاہور۔ 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹونئٹی 20 ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی ٹیم کے دورہ ٔ انگلینڈ کے کیمپ میں شرکت کا امکان پیدا ہو گیا ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے چیف سلیکٹرانضمام الحق کی خواہش پر انگلینڈ کے حالات سے ہم آہنگ ہونے کیلئے تربیتی کیمپ انگلینڈ میں لگانے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے انگلش برانڈکی ڈیوک گیندیں بھی خریدلی گئی ہیں۔جس گراونڈ میں پاکستانی ٹیم کیمپ لگائے گی وہیں پر شاہد آفریدی بھی موجود ہوں گے جو اسی کاونٹی ہمپشائرسے کھیل رہے ہیں۔باوثوق ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی کرکٹرزکے ساتھ شاہد آفریدی بھی تربیتی کیمپ میں شرکت کریں گے اور اگر انہوں نے اپنی فارم اور فٹنس سے سلیکٹرز کو متاثرکردیاتو وہ انگلینڈکے خلاف واحد ٹی 20میچ کیلئے منتخب کئے جاسکتے ہیں۔مختصر فارمیٹ کے نئے کپتان سرفرازاحمد بھی آفریدی کو کھلانے کے حق میں ہیں جبکہ انضمام الحق بھی ان کے حوالے سے نرم گوشہ رکھتے ہیں۔ذرائع نے کہا ہے کہ ایک بڑے اسپانسرکا بھی بورڈپردباو ہے کہ ’’لالہ ‘‘کو مزید موقع دیا جائے .واضح رہے کہ آفریدی نے اپنے ایک حالیہ انٹرویومیں بھی کہاہے کہ انہیں امید ہے کہ دورہ انگلینڈکے دوران وہ ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

ثانیہ مرزا مکسڈ ڈبلز کے دوسرے راؤنڈ میں داخل
پیرس ۔ 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے سیزن کے دوسرے گرانڈ سلام کا فاتحانہ آغاز کر دیا ہے۔ فرنچ اوپن کے مکسڈ ڈبلز کے پہلے راؤنڈ میں ثانیہ مرزا اپنے کروشیائی ساتھی کھلاڑی ایون ڈوڈِگ کے ساتھ مکسڈ ڈبلز کے ابتدائی مرحلے کے مقابلے میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے فرانسیسی جوڑی کو شکست دی ۔ ثانیہ مرزا کی ٹیم نے راست سٹوں 4-6 اور 3-6 کی کامیابی حاصل کی۔