آفریدی کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ وکٹیں

لاہور ، 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے خلاف جاریہ ورلڈ T20 کا اہم میچ بھلے ہی ہار گیا، لیکن کپتان شاہد آفریدی نے اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرئیر میں ایک اور سنگ میل عبور کرلیا ۔ آفریدی نے نیوزی لینڈ کے دو بلے بازوں کو پویلین کا راستہ دکھایا اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ایونٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے۔ آفریدی نے کولن منرو کو آؤٹ کرنے کے بعد کوری اینڈرسن کو بھی پویلین روانہ کردیا۔ آفریدی نے دو وکٹیں گرائے اور ایک اور ریکارڈ پر قبضہ جمالیا۔ پاکستانی کپتان ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں 39 وکٹوں کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ نامور پاکستانی لیگ اسپنر کو مختصر فارمٹ میں سب سے زیادہ 97 میچز کھیلنے اور 97 وکٹیں لینے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

آفریدی و دیگر آزمودہ کھلاڑیوں کو ہٹا دیں: پاکستانی وزیر
لاہور ، 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وفاقی وزیر عابد شیر علی نے کہا کہ نیشنل کرکٹ ٹیم کے اندر سیاست اور گروپ بازی کا شکار کھلاڑی ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کیلئے شرمناک کارکردگی کا مظاہرہ کرتے جارہے ہیں۔ ان پر پابندی لگا دینا چاہئے۔ کپتان شاہد آفریدی سمیت چلے ہوئے تمام آزمودہ کھلاڑیوں کو ٹیم سے نکالنا ہو گا۔ ان کے گھر جانے کا وقت آ گیا ہے۔ آج فیصل آباد میں یوم پاکستان کے موقع پر پولیس شہدا یادگار تقریب کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی ہندوستان میں جاری ورلڈ T20 میں شریک پاکستانی ٹیم پر برس پڑے۔ انھوں نے کہا کہ ٹیم نے شرمناک کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس ٹیم میں سیاست اور گروپ بازی کاشکار کھلاڑی ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کیلئے کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ بری کارکردگی کامظاہرہ کرنے والوں کو ٹیم سے نکال کر نئی ٹیم بنائی جائے۔
پی سی بی کا چیف سلیکٹر ،ہیڈ کوچ اور کپتان کو فارغ کرنے کا فیصلہ!
لاہور ، 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چیف سلیکٹر ہارون رشید، ہیڈ کوچ وقار یونس اور کپتان شاہد آفریدی کو فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ میں ’’آپریشن کلین اَپ‘‘ کا فیصلہ کر تے ہوئے چیف سلیکٹر ہارون رشید کوپی سی بی کی ذمہ داریوں سے بھی فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پی سی بی اب ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کو دوسرا موقع نہیں دینا چاہتا۔