کراچی۔12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دنیا کے دس سب سے زیادہ ٹوئنٹی20 کھیلنے والے کھلاڑیوں میں سے 6 کا تعلق پاکستان سے ہے جو موجودہ ٹیم کا بھی حصہ ہیں۔ جبکہ بنگلہ دیش میں ہونے والے آئی سی سی ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی پاکستانی پندرہ رکنی پاکستانی ٹیم کے ساتھ دس عہدیداروں میں سے 6 ٹسٹ کرکٹرس ہیں جنہوں نے مجموعی طور پر 203 ٹسٹ اور384 ون ڈے کھیلے ہیں لیکن حیران کن طور پر دنیا کے مانے ہوئے ان کرکٹرس نے ایک بھی ٹوئنٹی20 میچ نہیں کھیلا ہے۔ تفصیلات کے بموجب آل راونڈر شاہد آفریدی نے دنیا میں سب سے زیادہ 70ٹوئنٹی20 مقابلے کھیلے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے برینڈن مکالم کو64 میچ، سعید اجمل کو59 ، تلک رتنے دلشان،شعیب ملک ،برینڈن ٹیلر 55، محمد حفیظ54 جبکہ اسٹیورٹ براڈ، عمرگل اور عمر اکمل فی کس 52 مقابلے کھیل چکے ہیں۔ سعید اجمل کو سب سے زیادہ 81 کھلاڑیوں کو آوٹ کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ شاہد آفریدی1044 رنز بنانے کے علاوہ73 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔