لاہور۔26 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ زمبابوے کے خلاف تمام کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی دکھائی اور خوشی ہے کہ دونوں میچز لاء اینڈ آرڈر کے اعتبار سے خیریت سے ہو گئے۔ انھوں نے کہا کہ زمبابوے نے بھرپور مقابلہ کیا۔وہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اختتام پر گفتگو کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی شائقین نے دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان میں کرکٹ ہونی چاہئے۔ پاکستانی عوام کرکٹ سے پیار کرتے ہیں، نئے کھلاڑیوں میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے ، ان کو مزید نکھارنے کی ضرورت ہے۔ آفریدی نے کہا کہ دونوں مقابلوں میں ایک ، دو اوور خراب ہوجانے سے زمبابوے زائد از 170 اسکور کرنے میں کامیاب ہوگیا ۔ تاہم آفریدی ٹیم کی مجموعی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور انھوں نے بالخصوص فیصلہ کن میچ میں پیس بولر بلاول بھٹی کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی تعریف کی ۔