٭ 36 گیندوں میں ونڈے کی تیز ترین سنچری
٭٭ اینڈرسن 14 چھکوں کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے مقام پر
٭٭٭ ویسٹ انڈیز کیخلاف تیسرے ونڈے میں نیوزی لینڈ 159 رنز سے فاتح
کوئینس ٹاؤن ( نیوزی لینڈ ) ۔ یکم جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر کورے جیمس اینڈرسن نے آج ویسٹ انڈیز کے خلاف ونڈے کرکٹ کی تیز ترین سنچری 36 گیندوں میں مکمل کرتے ہوئے پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی جانب سے 1996 ء میں سری لنکا کے خلاف 37 گیندوں میں بنائی جانے والی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ توڑ دیا۔ اینڈرسن نے اپنی اس ریکارڈ اننگز کے دوران ناقابل تسخیر 131 اسکور کئے جس میں 14 چھکے بھی شامل ہیں۔ اس طرح ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کے ریکارڈ میں اینڈرسن تیسرے مقام پر پہونچ چکے ہیں۔ کیونکہ روہت شرما نے دو ماہ قبل آسٹریلیا کے خلاف اپنی ریکارڈ ڈبل سنچری کے دوران 16 چھکے مارے ہیں جوکہ عالمی ریکارڈ ہے۔
دوسرے مقام پر آسٹریلیائی آل راؤنڈر شین واٹسن ہیں جنھوں نے بنگلہ دیش کے خلاف 2011 ء میں 15 چھکے مارے تھے ۔ آج ویسٹ انڈیز کے خلاف یہاں منعقدہ تیسرے ونڈے میں جوکہ بارش سے متاثر رہا ، اس میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 21 اوور میں 283 رنز اسکور کئے ۔ اینڈرسن نے عالمی ریکارڈ سنچری کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف تیزی سے مجموعی اسکور میں اضافہ کرنا چاہتے تھے ، ان کے ذہن میں آفریدی کا ریکارڈ بالکل نہیں تھا ۔ اینڈرسن جس موقع پر وکٹ پر پہونچے اُس وقت نیوزی لینڈ کی ٹیم تین وکٹوں کے نقصان پر 84 رنز کی نازک صورتحال سے دوچار تھی جبکہ ٹیم میں واپسی کرنے والے جیسی رائیڈر 41 رنز بناکر کھیل رہے تھے ۔
اینڈرسن نے مزید کہا کہ جب وہ وکٹ پر پہونچے تو ان کا منصوبہ یہی تھا کہ وہ سنگلز لیتے ہوئے رائیڈر کو زیادہ سے زیادہ اسٹرائیک فراہم کریں۔ بعد ازاں آخری اوورس میں ہم دونوں ہی نے یہ فیصلہ کیا کہ ہر گیند پر بڑا اسٹروک کھیلیں گا یا وکٹ دیں گے ۔ اینڈرسن اور رائیڈر کے درمیان 191 رنز کی پارٹنرشپ ہوئی ۔ جوابی اننگز میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 13.5 اوورس میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز اسکور کرلئے تھے جبکہ اس مقابلے میں نیوزی لینڈ کو 159 رنز کی کامیابی حاصل ہوئی ۔ ویسٹ انڈیز کو اس مقابلے میں کامیابی کیلئے فی اوور 13.5 کی اوسط سے رنز بنانے تھے ، اور جس موقع پر ٹیم نے پانچ وکٹیں گنوادیئے اُس وقت تک بھی وہ مقابلے میں موجود نہیں تھے ۔ تین مقابلوں کے بعد سیریز 1-1 سے مساوی ہوچکی ہے
لیکن سیریز میں ہنوز دو مقابلے باقی ہیں ۔ ناقص موسم کی وجہ سے یہ مقابلہ مقررہ وقت سے 5 گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا ، جس کے بعد رائیڈر نے ابتداء میں ٹیم کے لئے سنچری اسکور کی ۔ رائیڈر نے ایک بہترین اننگز اس وقت کھیلی جب ٹیم کو مارٹن گپٹل (1) ، برینڈن میککلم (33) اور راس ٹیلر(9) کی وکٹیں گنوانی پڑی تھیں۔ تاہم رائیڈر نے 51 گیندوں میں 104 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے شامل ہیں۔ علاوہ ازیں اینڈرسن نے 47 گیندوں کی اننگز میں ناقابل تسخیر 131 اسکور کئے ۔ ویسٹ انڈیز کی جوابی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا جیسا کہ اوپنر جانسن چارلس تیسری گیند پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے ۔ علاوہ ازیں لینڈل سیمنس (13) ، کیرن پاویل (1) بھی چوتھے ہی اوور میں پویلین کی راہ اختیار کی ۔ اس موقع پر ویسٹ انڈیز کا اسکور 19/3 تھا ۔ ویسٹ انڈیز کیلئے کپتان ڈیوین براؤو نے ناقابل تسخیر 56 رنز کی جبکہ نرسنگ ڈیو نارائن نے 29 رنز کی اننگز کھیلی ، تاہم وہ ٹیم کو شکست سے محفوظ رکھنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ اینڈرسن کو عالمی ریکارڈ سنچری بنانے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔