کراچی۔12جون ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے ٹوئنٹی 20ٹیم کی قیادت کیلئے شاہد آفریدی کی بھرپور حمایت کی ہے ۔ وسیم اکرم نے اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ محمد حفیظ کی جانب سے ٹوئنٹی 20کرکٹ ٹیم کی قیادت سے سبکدوشی کے بعد اس عہدہ کیلئے سینئر آل راؤنڈر شاہد آفریدی سب سے بہتر کھلاڑی ہوں گے ۔ محمد حفیظ نے بنگلہ دیش میں منعقدہ ٹوئنٹی 20ورلڈ کپ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد عہدہ سے سبکدوشی اختیار کی تھی کیونکہ بنگلہ دیش میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی ناقص رہی اور وہ سیمی فائنل میں بھی رسائی حاصل نہیں کرپائی تھی۔ شاہد آفریدی کی قیادت کیلئے مختلف گوشوں سے حمایت کی جارہی ہے جس میں وسیم اکرم نے کھل کر آل راؤنڈر کی حمایت کی ہے ۔ علاوہ ازیں سابق فاسٹ بولر نے یونس خان کے معاملہ میں پاکستانی کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) پر شدید تنقید کی اور کہا کہ یونس خان کو تنزلی کے بعد بی زمرہ کے تحت سنٹرل کنٹراکٹ دینا
سینئر کھلاڑی کے ساتھ ناانصافی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بورڈ کی غلطی ہے کہ یونس خان جیسے سینئر کھلاڑی کو بی زمرے کا معاہدہ فراہم کیا ہے ۔ اسی طرح انہوں نے محمد عرفان کو ڈی زمرے کے تحت معاہدہ فراہم کرنے پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ورلڈ کپ میں یونس خان اور محمد عرفان ٹیم کو کامیابی دلوانے والے کھلاڑی ہیں لہذا ان کے ساتھ ایسا برتاؤ نہیں ہونا چاہیئے ۔ کھلاڑی سے کامینٹیٹر بننے والے وسیم اکرم نے کہا کہ ٹیم میں مظاہروں اور سینیاریٹی کی بنیادوں پر سنٹرل کنٹراکٹ فراہم کیا جانا چاہیئے ۔ واضح رہے کہ یونس خان کو بی زمرے کے تحت سنٹرل کنٹراکٹ دینے پر شدید تنقید کی گئی جس کے بعد نجم سیٹھی نے مداخلت کرتے ہوئے انہیں اے زمرہ فراہم کیا ۔