آفریدی نے پہلی بار اپنی اہلیہ کے ہمراہ تصویر شئیر کی

لاہور ، 21 اکتوبر (یو این آئی) شاہد آفریدی نے اپنی شادی کی 18ویں سالگرہ پر پہلی بار اپنی اہلیہ کے ہمراہ تصویر شئیر کر دی۔وہ اکثر اپنی بیٹیوں کے ہمراہ تصاویر سوشل میڈیا پر شئیر کرتے رہتے ہیں تاہم انہوں نے آج تک اپنی اہلیہ کی تصویر شئیر نہیں کی۔اس دوران شاہد آفریدی کی ایک خاتون کے ساتھ بھی تصویر خوب وائرل ہوئی جسے سوشل میڈیا پر ان کی اہلیہ کہہ کر وائرل کیا گیا تا ہم شاہد آفریدی نے بتایا کہ وہ ان کی اہلیہ نہیں بلکہ عام خاتون تھیں۔جنھوں نے میرے ساتھ تصویر بنوانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔لیکن چونکہ شاہد آفریدی کا تعلق ایک پشتون گھرانے سے ہے جہاں خواتین پردے میں رہتی ہیں۔اس لیے انہوں نے کبھی اپنی اہلیہ کی تصویر شئیر نہیں کی تاہم گذشتہ روز شاہد آفریدی نے اپنی شادی کی سالگرہ کے موقع پر اہلیہ اور بیٹیوں کے ساتھ تصویر شئیر کی۔شاہد آفریدی کی شادی کو 18سال مکمل ہو گئے ہیں۔انہوں نے اپنی شادی کی سالگرہ اہل خانہ کے ساتھ منائی اور کیک بھی کاٹا۔شاہد آفریدی نے اہلیہ کی تصویر شئیر کی تاہم تصویر میں بھی وہ پردے میں موجود ہیں۔اس موقع پر شاہد آفریدی نے اہلیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایک پیغام بھی لکھا کہ میں نے ایک بہت ہی خاص عورت کے ساتھ شادی کے 18سال گزارے ۔ میں حیران ہوں کہ ہم دونوں میں سے کس نے برداشت کا ٹیسٹ پاس کیا۔