دبئی ، 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ نے دوسرے ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میں صرف تین رنز سے سنسنی خیز کامیابی کے ذریعے تین میچ کی سیریز 2-0 سے جیت لی حالانکہ پاکستان کے کیپٹن شاہد آفریدی نے شاندار آل راؤنڈ مظاہرہ پیش کیا۔ گزشتہ شب یہاں دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں بھرپور شائقین کے روبرو آفریدی نے پہلے اپنے چار اوورز میں 15 رنز کے عوض 3 وکٹیں لے کر انگلینڈ کو 172/8 پر روک دیا۔ اور پھر تین چھکوں کی مدد سے آٹھ گیندوں میں 24 رنز بٹورے، جس سے اُن کی ٹیم آخری دو اوورز میں فتح کیلئے مزید 25 رنز کے ٹارگٹ تک پہنچ گئی تھی۔ سرفراز احمد (19) نے 19 ویں اوور میں 14 رنز لئے، مگر آخری اوور میں 11 رنز کی ضرورت پر انھیں کرس ووکس نے پہلی گیند پر بولڈ کردیا اور پاکستان 169/8 اسکور کرپایا۔ عادل رشید چار اوورز میں 2/18 کے ساتھ نمایاں انگلش بولر رہے جبکہ لیام پلنکٹ (3/33) کو زیادہ کامیابی پر ’میچ ایوارڈ‘ دیا گیا۔ قبل ازیں انگلینڈ کے ریگولر کیپٹن اوئن مورگن کے غیاب میں وکٹ کیپر ۔ بیٹسمن جوس بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی۔ آفریدی کی عمدہ گیندبازی کے درمیان اگرچہ کوئی بھی انگلش بیٹسمن بڑا اسکور نہیں کرسکا مگر ٹاپ آرڈر کے مفید اسکورز نے پاکستان کیلئے 173 کا ٹارگٹ رکھا۔ تین نمبر کے جیمز ونس نے 38 اور کپتان بٹلر نے 33 رنز بنائے۔ تیسرا میچ 30 نومبر کو شارجہ میں مقرر ہے۔ انگلینڈ نے جاریہ ٹور پر ٹسٹ سیریز 0-2 سے ہارنے کے بعد او ڈی آئی سیریز 3-1 سے جیتی تھی۔انگلش ٹیم نے T20 سیریز جیت کے ساتھ اس مختصر ترین فارمٹ میں خود کو اچھی طاقت کے طور پر پیش کیا ہے جبکہ آئندہ سال ہندوستان میں منعقد شدنی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ زیادہ دور نہیں ہے۔ دریں اثناء پاکستان کی سیریز شکست کیلئے ٹیم کے بولنگ کوچ مشتاق احمد نے ناقص فیلڈنگ اور فٹنس کے فقدان کو مورد الزام ٹھہرایا اور متنبہ کیا کہ انھیں آئندہ سال کے ورلڈ ٹوئنٹی 20 سے قبل بہت بہتری درکار ہے۔ انھوں نے کہا کہ ماڈرن کرکٹ اور اس کے پروٹوکول بدل چکے ہیں۔