کراچی۔21 مئی (سیاست ڈاٹ کام )پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان اور آل راونڈرشاہد آفریدی نے زخمی ہونے کے باوجود ویسٹ انڈیز کے خلاف مجوزہ ورلڈ الیون کے میچ کا حصہ بننے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیزکی مشکل وقت میں مدد کرنا میری ذمہ داری ہے۔شاہد آفریدی رواں سال پاکستان سوپر لیگ کے دوران زخمی ہوئے تھے اور2ماہ گزرنے کے باوجود اب تک گھٹنے کی تکلیف سے مکمل صحتیابی کیلئے کوشاں ہیں۔ آفریدی نے اپنی نئی ٹوئٹ میں کہا کہ آئی سی سی ورلڈ الیون اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ کھیلوں گا کیونکہ میں محسوس کرتا ہوں کہ ایک کرکٹر اور مسلمان ہونے کی حیثیت سے مجھے اس مقصد کیلئے مدد کرنی چاہیے۔ آفریدی نے دبئی میں اپنا معائنہ کروا نے کے بعد اعلان کیا ہ انہیں زخم سے صحتیابی میں مزید 3 سے 4 ہفتے لگ سکتے ہیں۔ اس ٹوئٹ کے بعد ورلڈ الیون کے کھلاڑی کی حیثیت سے 31مئی کو ورلڈ الیون اور ویسٹ انڈیز کے میچ میں ان کی شرکت غیر یقینی ہو گئی تھی تاہم آفریدی نے اپنی نئی ٹوئٹ کے ذریعے میچ میں شرکت کی تصدیق کر دی۔