آفریدی اپنے شہرکراچی میں فائنل کھیلنے کے خواہاں

دبئی ۔28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے دو سال پہلے آخری بین الاقوامی مقابلہ کھیلا تھا لیکن دنیا بھر کی لیگز میں انہوں نے اپنی کارکردگی سے سب کو حیران کیا ہوا ہے۔37 سالہ عالمی شہرت یافتہ آل رائونڈر پاکستان سوپر لیگ میں پہلی مرتبہ کراچی کنگز کی نمائندگی کررہے ہیں۔ مسلسل اچھی کارکردگی کے بعد شائقین کرکٹ یہ سوال کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں کہ شاہد آفریدی تو ابھی پاکستانی ٹیم کے لئے کھیل سکتے ہیں۔ اس حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ خیرباد کہہ چکا اور فیصلہ حتمی ہے۔ پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے لئے میرا پہلا سال ہے۔ چونکہ فائنل کراچی میں ہے اس لئے میری خواہش ہے کہ میں فائنل کھیلوں تاکہ میرے اپنے شہر کے لوگ مجھے ایکشن میں دیکھ سکیں۔کراچی کی ٹیم فائنل میں آئی تو اسے حمایت بھی زیادہ ملے گی۔ کراچی میں فائنل کھیلنا میرے لئے بھی اعزاز ہوگا۔ پاکستانی جرسی پہن کر جو کچھ کیا وہی میرا سرمایہ ہے۔ میں جب تک فٹ ہوں اور کارکردگی دکھا رہا ہوں انٹر نیشنل لیگز اپنے لاکھوں پر ستاروں اور فائونڈیشن کے لئے کھیلنا چاہتا ہوں۔ وہ کردیا ہے جس کا لوگ سوچتے ہیں۔