آفریدی اور سلیکٹرز شکست کے ذمے دار : وقار

لاہور ، 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے ورلڈ ٹی 20 میں شکست پر رپورٹ تیار کر لی اور انھوں نے خود کو بری الذمہ قرار دیتے ہوئے ٹیم کی ناقص کارکردگی کی ذمہ داری کپتان شاہد آفریدی اور سلیکشن کمیٹی پر ڈال دی ہے۔ ہیڈ کوچ نے میگا ایونٹ سے پاکستان کے ناک آؤٹ مرحلے سے قبل اخراج کیلئے کپتان اور نیشنل سلیکٹرز کو مورد الزام ٹھہرایا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کپتان آفریدی کا ورلڈ T20 میں رویہ غیر سنجیدہ رہا۔ ٹی ٹوئنٹی کپتان گیم پلان پر عمل کرنے میں ناکام رہے ۔ ’بوم بوم‘ قوت فیصلہ سے بھی محروم دکھائی دیئے۔ وقار نے رپورٹ میں سلیکشن کمیٹی پر بھی کڑی تنقید کی اور غیر معیاری سلیکشن کو عالمی مقابلوںمیں ناکامی کی وجہ قرار دیا۔ وقارنے خود کو ’کلین چٹ‘ دیتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پر بھی دبے الفاظ میں تنقید کی جس نے ہیڈ کوچ کی پہلی رپورٹس پر سنجیدگی کا اظہار نہیں کیا۔