دبئی ۔ 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم جمعہ کی صبح آئی سی سی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کیلئے لاہور سے ڈھاکہ روانہ ہورہی ہے لیکن ٹورنمنٹ سے قبل پاکستانی ٹیم کو زخمی کھلاڑیوں کے مسائل درپیش ہیں۔ آل راونڈر شاہد آفریدی کے زخم کے حوالے سے غیریقینی صورتحال موجود ہے۔ فٹنس مسائل سے پریشان آل راؤنڈر اور ایشیا کپ کے ہیرو شاہد خان آفریدی پاکستان ٹیم کے ساتھ ڈھاکہ نہیں جائیں گے۔ تاہم پی سی بی کو امید ہے کہ 21مارچ کو پہلے میچ سے قبل آفریدی فٹ ہو جائیں گے۔ پی سی بی نے ان کی ٹیم میں شمولیت کو فٹنس سے مشروط کردیا ہے۔ امکان ہے کہ وہ فٹنس ٹسٹ پاس کرنے کے بعد تین سے چار دن کی تاخیر سے بنگلہ دیش پہنچ جائیں گے۔ دریں اثناء اسٹار آل راونڈر پرامید ہیں کہ وہ ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں حصہ لیں گے۔ دریں اثناء انگلش کرکٹ ٹیم کو بھی اپنے کپتان اسٹیورٹ براڈ کی فٹنس کے متعلق بھی تشویش لاحق ہے کیونکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف رواں تین مقابلوں ٹوئنٹی 20 سیریز کے پہلے مقابلہ میں زخمی ہونے کے بعد براڈ میزبان ٹیم کے خلاف دیگر دو مقابلوں میں شرکت سے محروم ہوچکے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے جارحانہ آل راؤنڈر کیرن پولارڈ زخموں کے مسائل کے باعث ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ نہیں کھیل سکیں گے۔ پولارڈ کو چیاریٹی فٹبال میچ مہنگا پڑ گیا کیونکہ اس مقابلے میں گھٹنے کو زخمی کروانے کی وجہ سے بنگلہ دیش میں ہونے والے آئی سی سی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے ہیں۔ پیچیدہ نوعیت کے زخم کی وجہ سے وہ انگلینڈ کے خلاف سیریز بھی نہیں کھیل سکے ہیں۔ 26 سالہ کیرن پولارڈ چیاریٹی فٹبال میچ کھیلنے کے دوران گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے ہیں اور ابھی تک وہ اس تکلیف سے راحت حاصل نہیں کر سکے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ پر امید تھے کہ فٹنس مسائل سے جلد چھٹکارا حاصل کر لیں گے اور ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے انتخاب کیلئے دستیاب ہوں گے لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہو سکا۔ پولارڈ نے کہا کہ ہر کھلاڑی کی طرح میری بھی خواہش تھی کہ ورلڈ کپ میں شرکت کروںلیکن میگا ایونٹ سے باہر ہونے پر بہت مایوس ہوں ۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈین ٹیم ورلڈ کپ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی