دبئی ۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے دبئی کی جیلوں میں قید 25 پاکستانیوں کی رہائی کیلئے 21000 امریکی ڈالر کی ادائیگی سے اتفاق کرلیا ہے۔ یہ پاکستانی قیدی معمولی مالی جرائم کے مرتکب قرار دیئے جانے کے بعد جیلوں میں قید ہیں جن کی رہائی کیلئے آفریدی نے انسان دوستی کے غیرمعمولی جذبہ کا مظاہرہ کیا ہے۔ دبئی پولیس میں نظامت نامہ برائے انسانی حقوق کے ڈائرکٹر جنرل بریگیڈیئر ڈاکٹر محمد المر نے یہ انکشاف کرتے ہوئے 36 سالہ آفریدی کے جذبہ کی ستائش کی۔