آغا خاں کی آمد، ڈائمنڈ جوبلی تقاریب کا آغاز

نئی دہلی ۔ 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) شیعہ اسماعیلی مسلمانوں کے روحانی پیشوا آغا خاں ایک ایسے وقت 10 روزہ دورہ ہند پر پہنچے جب دنیا بھر کے اسمعیلی شیعہ مسلمان ان کی گولڈن جوبلی منارہے ہیں۔ پرنس شاہ کریم الحسینی (آغا خاں چہارم) حکومت ہند کی دعوت پر گذشتہ شام دہلی پہنچے۔ ان کے خیراتی ادارہ آغا خاں ڈیولپمنٹ نٹ ورک (اے کے ڈی این) نے کہا کہ ’’ان کا یہ دورہ آغا خاں ڈائمنڈ جوبلی تقاریب کے دوران کئے جانے والے سلسلہ وار دوروں کا ایک حصہ ہے۔ شیعہ اسمعیلی مسلمانوں کی امامت پر فائز ہونے کے 60 سال کی تکمیل پر آغا خاں ڈائمنڈ جوبلی تقاریب منائی جارہی ہیں‘‘۔ آغا خاں جوبلی تقاریب کے موقع پر بالعموم سماجی، ثقافتی اور معاشی ترقیاتی پروگرام شروع کئے جاتے ہیں یا انہیں مزید وسعت دی جاتی ہے۔ اے کے ڈی این نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ آغا خاں دہلی میں صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند، نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو اور وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے۔ نائب صدر کے ساتھ وہ جنوبی دہلی میں 90 ایکر اراضی پر سندر نرسری کا افتتاح کریں گے جہاں 280 اقسام کے درختوں کے 20,000 پودے لگائے گئے ہیں جس کے ساتھ ہی نرسری میں تقریباً 80 اقسام کے پرندے اپنا گھر بنا چکے ہیں۔