آصف پر پہلے ہی ڈومیسٹک ٹورنمنٹ میں جرمانہ

حیدرآباد (سندھ) ، 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے فاسٹ بولر محمد آصف پانچ سالہ پابندی کی سزا مکمل ہوئے ابھی زیادہ عرصہ ہوا نہیں کہ ان پر پہلے ہی ڈومیسٹک ٹورنمنٹ میں جرمانہ بھی عائد کر دیا گیا۔ اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں 5سال تک کرکٹ سے باہر رہنے والے فاسٹ بولر آصف کی پاکستانی ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی نیشنل ونڈے ٹورنمنٹ سے ہوئی لیکن پہلے ہی ایونٹ میں انہیں امپائر کے فیصلے پر اعتراض کرنے کی وجہ سے میچ فیس کا 50فیصد جرمانہ کردیا گیا۔ نیاز اسٹیڈیم حیدر آباد میں واپڈا کی نمائندگی کرتے ہوئے کے آر ایل کے بیٹسمن کیخلاف آصف نے اپیل کی ،جسے امپائر نے رد کر دیا،لیکن اس کے بعد آصف کے جارحانہ رویہ کا امپائر نے نوٹ لیا اور اس کی شکایت میچ ریفری سے کردی،جس نے لیول ٹو کے تحت کارروائی کرتے ہوئے آصف پر 3,500 روپے جرمانہ کر دیا۔ ذرائع کے مطابق سہیل تنویر پر بھی امپائر کے فیصلے پر اعتراض کی وجہ سے جرمانہ کیا گیا ہے۔دوسری جانب پاکستان کے چیف سلیکٹر ہارون رشید کہتے ہیں کہ سلمان بٹ کا پابندی اٹھنے کے بعد یہ پہلا ٹورنمنٹ ہے، اُن کی کارکردگی پر نظر ہے،لیکن صرف اس ایک ٹورنمنٹ کی کارکردگی پر انہیں پاکستانی ٹیم میں جگہ نہیں مل سکتی۔