حیدرآباد /18 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) پرامن شہر اور خوشحال شہری زندگی کو ممکن بنانے کیلئے پولیس کی جانب سے اقدامات جاری ہیں ۔ جرائم پیشہ افراد کو ان کے ٹھکانوں سے پکڑنے اور جرائم کی روک تھام کیلئے کارڈن سرچ پولیس کے دھاوے شہر میں وقفہ وقفہ سے جاری ہیں۔ اس مہم کے سلسلہ میں آج آصف نگر ڈیویژن میں پولیس نے دھاوا کیا ۔ ٹپہ چبوترا اور آصف نگر پولیس اسٹیشن حدود کے علاقہ جات جھرہ ، کشن نگر میں تقریباً 300 پولیس ملازمین نے دھاوا کیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر وینکٹیشور راؤ کی قیادت میں انجام دی گئی اس کارروائی کے دوران 120 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔ ان میں دو عادی سارقین نوشاد اور عامر بھی پولیس کے ہاتھ لگ گئے منگل ہاٹ کے روڈی شیٹر چاند کے قبضہ سے ہاکی اسٹک کو ضبط کرلیا ۔ دوپہر 3 تا شام 6 بجے تک انجام دی گئی اس کارروائی میں 42 گاڑیوں کو ضبط کیاگیا ۔ آصف نگر ڈیویژن پولیس اس علاقہ میں کارروائی کو اچانک انجام دیا ۔
آصف نگر کے ڈیویژن ٹپہ چبوترا اور آصف نگر پولیس اسٹیشن حدود میں بیرون ریاست سے روزگار کے سلسلہ میں منتقل ہونے والوں کی اکثریت پائی جاتی ہے ۔ اس خصوص میں آصف نگر اے سی پی مسٹر محمد غوث معین الدین نے بتایا کہ ان علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کی شناخت اور ایسے افراد جو عادی سارقین ہیں ان کی سرگرمیوں کو ختم کرنا پولیس کا اصل مقصد ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جن گاڑیوں کو ضبط کیا گیا ان کے متعلقہ دستاویزات اس وقت نہیں تھے ۔ تاہم اگر کوئی دستاویزات کو پیش کرتا ہے تو اسے گاڑی حوالے کردی جائے گی ۔ انہوں نے مقامی عوام سے خواہش کی کہ وہ ایسے افراد پر نظر رکھیں جو علاقہ میں پہلی بار نظر آئیں اور ایسے افراد کی اطلاع مقامی پولیس اسٹیشن کو دیں جو بیرون ریاستوں سے یہاں پہونچ رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اتر پردیش ، بہار اور دیگر ریاستوں کے افراد یہاں روزگار کے سلسلہ میں مقیم ہیں ۔