دوستی میں جھگڑے کا شاخسانہ ، اے سی پی چکرورتی کا بیان
حیدرآباد ۔ /27 جولائی (سیاست نیوز) آصف نگر پولیس نے طالبعلم کے وگنیش بنڈیلی کے قتل کیس میں ملوث دو ملزمین کو گرفتار کرلیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس آصف نگر مسٹر کے اشوک چکرورتی نے بتایا کہ /22 جولائی کو وگنیش کی نعش مہدی پٹنم کے علاقے بوجہ گٹہ میں زیرتعمیر ڈبل بیڈروم فلیٹس کے قریب دستیاب ہوئی تھی ۔ مقتول کے سر پر گہرا زخم تھا اور اس کی نعش کی شناخت فوری طور پر نہ ہوسکی تھی ۔ آصف نگر پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور مقتول کی شناخت وگنیش ساکن شیام ریسیڈنسی آغاپورہ کی حیثیت سے کی ۔ تحقیقات کے دوران پولیس نے اہم شواہد اکٹھا کرتے ہوئے قتل کیس کا سراغ حاصل کیا اور قتل میں ملوث دو ملزمین بی وشنو عرف وشنو کمار ساکن افضل ساگر سیتارام باغ اور 24 سالہ پردیسی تلک ساکن افضل ساگر کو حراست میں لیکر ان کی تفتیش کی جس میں ملزمین نے قتل کا انکشاف کیا ۔ اے سی پی نے بتایا کہ مذکورہ ملزمین آپس میں گہرے دوست ہیں اور تین ماہ قبل وگنیش کا جھگڑا اس کے دوستوں فرید ، چنٹو ، اسلم اور آشیش سے ہوا تھا ۔ اس جھگڑے کے بعد مقتول کے باپ روی کانت نے وشنو اور تلک کو اپنے بیٹے سے تعارف کروایا اور اس کی مدد کرنے کیلئے کہا اور اس کے بیٹوں کے حریف گروپ کو انتباہ دینے کی ذمہ داری دی تھی ۔ اتنا ہی نہیں گرفتار ملزمین نے وگنیش کو اس کے دوستوں فرید اور دیگر سے تعلقات ترک کردینے کے لیے کہا لیکن وگنیش نے اپنے سابقہ دوستوں سے دوبار ہ تعلقات قائم کرتے ہوئے وہ ان کے ہمراہ گھوم رہا تھا ۔ جس پر وشنو نے /21 جولائی کی شب وگنیش کے ساتھ بھوجا گٹہ ہلز میں شراب نوشی کی اور دوستوں کے ساتھ گھومنے کے مسئلے پر مقتول اور ملزمین کے درمیان بحث و تکرار ہوئی ۔ اس بحث کے بعد وشنو نے وگنیش کے سر پر لکڑی سے حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں طالبعلم برسرموقع ہلاک ہوگیا ۔ پولیس نے اس قتل کے معمہ کو سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے حل کیا اور گرفتار ملزم کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا ۔