آصف آباد کے مواضعات میں پیتھائی طوفان کا اثر

اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی ، ڈی ای او کو ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو کی ہدایت

کاغذ نگر۔ 20 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آندھرا پردیش میں پیتھائی طوفان آنے پر تلنگانہ کے مختلف علاقوں میں بھی طوفان کے اثرات مرتب ہوئے ہیں اور یہ اثرات تلنگانہ کے ضلع کمرم بھیم آصف آباد کے مواضعات میں دیکھے گئے اور کچھ مواضعات میں ہلکی بارش کی وجہ سے شدید سردی کی لہر چل رہی ہے اور عوام اپنے مکانات میں رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں اور خاص طور پر عمر رسیدہ افراد کو گھروں سے نکلنا مشکل ہوگیا ہے اور سورج کی روشنی کیلئے لوگ بے چین ہیں۔ عوام صبح دیر سے مکانات سے باہر آرہے ہیں اور شام کو جلدی اپنے مکانات لوٹ رہے ہیں اور پیتھائی طوفان کے اثر سے شدید سردی کی ٹھنڈی ہواؤں کی وجہ سے لوگ کافی پریشان ہیں۔ لوگ گرم ملبوسات استعمال کررہے ہیں۔ مقامی عہدیداروں کے مطابق مزید کچھ دنوں تک سردی کی لہر رہنے کا امکان ہے۔ اس شدید سردی کی وجہ سے چھوٹے بچے اور ضعیف افراد بے حد متاثر ہیں۔ آندھرا پردیش کے ساحلی علاقہ پیتھائی طوفان کے باعث آصف آباد، کاغذ نگر، کیرامیری، چنور، سرپور ٹاؤن، بحور، کوٹالہ کے علاقوں میں سردی کی وجہ سے ماحول میں تبدیلی آچکی ہے۔ اس لئے آندھرا پردیش کے ساحلی علاقہ پیتھائی طوفان کی وجہ سے ضلع کلکٹر کمرم بھیم آصف آباد راجیوگاندھی ہنمنتو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کو ہدایت جاری کرتے ہوئے ضلع کے تمام اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی کرتے ہوئے صبح 10:30 بجے تا 4 بجے اوقات مقرر کرنے کے احکام جاری کئے ہیں اور سارے ضلع کے مواضعات میں شدید سردی کی لہر جاری ہے۔