آصف آباد میں ووٹوں کی گنتی کے لئے سخت بندوبست

سپر وائزر اور ملازمین کے تربیتی اجلاس سے کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو کا خطاب
کاغذ نگر۔/9 ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع مستقر آصف آباد میں 9ڈسمبر کو 11 ڈسمبر کے روز ووٹوں کی گنتی سے متعلق ایک روزہ تربیتی اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس اجلاس میں 11 ڈسمبر کے روز آصف آباد اسمبلی حلقہ اور سرپور ٹاؤن اسمبلی حلقہ کے ووٹوں کی گنتی سے متعلق کونسلنگ سپر وائزرس اور اسٹیٹ سپر وائزرس اور میکرو مبصرین کیلئے ایک روزہ تربیتی اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس اجلاس میں ضلع کلکٹر کمرم بھیم آصف آباد، راجیو گاندھی ہنمنتو، اور جوائنٹ کلکٹر پی رام بابو اور دونوں حلقوں کے الیکشن آفیسرس سیڈم دتو اور شیوا پرساد بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو نے کہا کہ حلقہ اسمبلی آصف آباد کی گنتی کے لئے 14 ٹیبل رکھیں گئے ہیں اور حلقہ اسمبلی سرپور ٹاون کے ووٹوں کی گنتی کیلئے 14 ٹیبلس رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف آباد کے بی ایڈ کالج میں صبح 8 بجے سے ووٹوں کی گنتی کے کاموں کا آغاز عمل میں آئے گا۔ ووٹوں کی گنتی کے دوران بغیر کسی گھبراہٹ کے ووٹوں کی گنتی کرنے والے ملازمین احتیاطی اقدامات کریں لاپرواہی نہ کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ ووٹوں کی گنتی کے دوران سی سی کیمروں کو لگایا گیا ہے اور سیدھے دہلی سے ویب کاسٹنگ کے ذریعہ اعلیٰ عہدیدار نظریں رکھے ہوئے ہیں۔ اس لئے ڈیوٹی بغیر کسی لاپرواہی کے انجام دینے کا مشورہ دیا گیا۔ اس موقع پر الیکشن اور گنتی کرنے والے عہدیدار بھی موجود رہیں گے۔