آصفہ کے قاتلوں کو جلد عبرتناک سزا کا مطالبہ

ناگی ریڈی پیٹ میں معصوم لڑکی کے ہاتھوں تحصیلدار کو یادداشت
یلاریڈی۔/18اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جموں کشمیر کے کٹھوا علاقہ میں پیش آئی درندگی اور آصفہ کے قاتلوں کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے منڈل ناگی ریڈی پیٹ مستقر پر ڈپٹی تحصیلدار محترمہ آسیہ فاطمہ کو معصوم لڑکی نیہا کے ہاتھوں میمورنڈم پیش کیا گیا۔ منڈل کسانوں کے سینئر قائد مسٹر نرسمہا ریڈی آصفہ کی دردناک موت پر لب کشائی کرتے ہوئے اشکبار ہوگئے۔ نرسمہا ریڈی کسانوں کیلئے جدوجہد کرنے والے عظیم قائد کے طور پر غیر معمولی شہرت رکھتے ہیں۔ آصفہ کے ساتھ پیش آئے دردناک واقعہ نے ہر مذہب کے انسان کو برہم کرکے رکھ دیا ہے ،ہر کوئی آصفہ کے قاتلوں کو دردناک موت دینے کاپرزور مطالبہ کررہے ہیں۔ معصوم آصفہ کو انصاف دلانے اور ظالموں کے ساتھ سخت رویہ اختیار کرنے کا معصوم کے ہاتھوں میمورنڈم دیئے جانے کے منظر سے عوام کی آنکھ بھر آئی۔ معصوم کا معصوم کیلئے انصاف طلب کرنا عجیب کیفیت پیش کررہا تھا۔ اس موقع پر سینکڑوں عوام کے ساتھ پرتاپ ریڈی، جئے راج، محمدفاروق اور دوسرے موجود تھے۔ منڈل لنگم پیٹ کے پولکم پیٹ پر آصفہ کو خراج عقیدت پیش کرنے موم بتیاں روشن کرتے ہوئے ریالی نکالی گئی اور خاطیوں کو سزاکا مطالبہ کیا گیا۔ اس موقع پرسرینواس، راجو، نوید، سریکانت ، راما گوڑ، پربھو نندوا، ناگراج، ایلیشم موجود تھے۔