ملبورن۔ 30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے خلاف سیریز پر قبضہ ہوجانے کے بعد آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے سلیکٹروں نے 6 جنوری 2015ء کو سڈنی میں شروع ہونے والے سیریز کے چوتھے اور آخری ٹسٹ کیلئے میزبان ٹیم میں آشٹن اگر کو شامل کیا ہے جوکہ ٹیم میں موجود واحد اسپنر نیتھن لیون کے ساتھ اسپن شعبہ کو مستحکم کریں گے۔ آشٹن نے 2013ء میں انگلینڈ کے خلاف ایشیس سیریز کے ذریعہ اپنے بین الاقوامی کریر کا انتہائی شاندار آغاز کیا تھا، اور 11 نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے حیران کن 98 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ آشٹن کی ٹیم میں شمولیت حیران کن فیصلہ ہے کیونکہ رواں سیزن انہوں نے شیفیلڈ شیلڈ میں 45.14 کی اوسط سے صرف 7 وکٹیں حاصل کی ہیں، تاہم انہوں نے بی بی ایل گیمس کے افتتاحی مقابلے میں پرتھ اسکورچرس کی انتہائی متاثرکن نمائندگی کی ہے جس پر آسٹریلیائی ٹیم کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے کہا ہے کہ وہ آشٹن کو ورلڈ کپ کی ٹیم کا حصہ دیکھنا چاہتے ہیں۔ آشٹن کی شمولیت سے اسٹیو او کیفی کو نقصان ہوا ہے جنہوں نے اکتوبر میںپاکستان کے خلاف اپنے ٹسٹ کریر کا آغاز کیا تھا۔