آشنا کے قتل میں ملوث خاتون اور ایک شخص گرفتار

حیدرآباد /5 مارچ ( سیاست نیوز ) ایک آشنا کو راستے سے ہٹانے کیلئے دوسرے آشنا کی مدد سے قتل کرنے والی خاتون اور اس کے آشنا کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ یاد رہے کہ یہ واقعہ گذشتہ سال ایل بی نگر پولیس حدود میں پیش آیا تھا ۔ جہاں 40 سالہ کے نرسمہا کا بے رحمی سے قتل کرتے ہوئے اس کی نعش کو پھینک دیا گیا تھا ۔ پولیس نے دو دن بعد اس نعش کی شناخت کرلی اور کل ان دونوں کو گرفتار کرلیا ۔ اس قتل کیس کی تحقیقات کیلئے پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی تھیں ۔ پولیس ذرائع کے مطابق نرسمہا ناگول ایل بی نگر میں رہتا تھا جو دیورکنڈہ نلگنڈہ کا متوطن تھا ۔ چار ماہ قبل اس شخص کا قتل کردیا گیا تھا ۔ تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کرتے ہوئے اس شخص کا قتل کردیا گیا تھا اور وزنی پتھر ڈال کر اس کی شناخت کو مسخ کردیا گیا تھا ۔ تاہم پولیس نے تحقیقات کے بعد اس نعش کی شناخت کرلی اور قاتلوں کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے مطابق 36 سالہ وینکٹماں اور 24 سالہ روی کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ شوہر کی موت کے بعد وینکٹماں کے نرسمہا کے ساتھ ناجائز تعلقات قائم ہوگئے تھے اور ان دونوں کے ناجائز تعلقات کا سلسلہ جاری تھا ۔ تاہم 5 ماہ قبل روی نامی نوجوان وینکٹماں سے رابطہ میں آیا اور دونوں کے درمیان ناجائز تعلقات شروع ہوگئے ۔ ایک دن نرسمہا نے ان دونوں کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور اعتراض کرنے لگا جس کے بعد بحث و تکرار ہوئی اور اس خاتون اور اس کے نئے آشنا نے منصوبہ تیار کرتے ہوئے اس شخص کا قتل کردیا تھا ۔