ماں کا مقدس رشتہ پامال، بچوں کے حقوق کی تنظیم کی پولیس میں شکایت
حیدرآباد 10 ستمبر (سیاست نیوز) ماں چاہے جیسی بھی ہو ماں ہوتی ہے اور وہ اپنی اولاد کے لئے بڑی سے بری طاقت سے ٹکرانے کے لئے تیار ہوجاتی ہے۔ ماں کے اس عظیم رشتہ کو رسوا کرنے کا انتہائی واقعہ ملک پیٹ میں پیش آیا۔ جہاں ایک خاتون نے اپنی کمسن بچی پر اذیت و ظلم کی انتہا کردی۔ اخراجات، برہمی، مالی پریشانی سے ذہنی تناؤ کا شکار ہوکر یا پھر لڑکی کی شرارت پر اُسے یہ سزا نہیں دی گئی بلکہ انتہائی شرمسار و رسوا کن بات یہ ہے کہ اس نے اپنے عاشق (آشنا) کے لئے اپنی اولاد کو ہراساں کیا۔ تاخیر سے منظر عام پر آئے اس واقعہ کا سخت نوٹ لیتے ہوئے بچوں کے حقوق کی تنظیم جالا مکولہ سنگھم نے پولیس میں شکایت کردی اور پولیس کی ٹیم کے ساتھ خاتون کے مکان پہونچکر اس ڈائن صفت والی ماں کے چنگل سے لڑکی کو آزاد کروالیا۔ اس تنظیم نے ڈی سی پی ایسٹ زون سے شکایت کی کہ وہ لڑکی کی ماں اور اس کے آشنا کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرے اور سخت کارروائی کرے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس واقعہ کو ایک سابق رکن اسمبلی نے تنظیم کو اطلاع دیتے ہوئے منظر عام پر لایا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایسٹ پرشانت نگر ملک پیٹ کی ساکن خاتون سریتا پر یہ الزام ہے کہ اس نے اپنے داشتہ کے ہمراہ خود کو کمسن 3 سالہ لڑکی کو اذیت پہونچائی۔ اس لڑکی کے جسم پر زخموں کے شدید نشانات پائے جاتے ہیں اور اس لڑکی کا داہنا ہاتھ بھی ٹوٹ گیا ہے اور اس کے چہرے پر مار پیٹ اور زخموں کے نشانات بھی ظاہر ہیں۔ لڑکی کو والدہ اور اس کا آشنا دونوں مار پیٹ کیا کرتے تھے اور اس کمسن پر ظلم کی انتہا کی گئی اس کے جسم پر جگہ جگہ دانتوں سے کاٹنے کے نشانات بھی پائے گئے۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔