سڈنی 12 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)کرکٹ کی مقبول ترین شخصیت رچی بیناڈ کے ارکان خاندان نے سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین کی حکومت کی پیشکش کو مسترد کردیا ۔ وزیر اعظم ٹونی اباٹ نے بتایا کہ ایک ایسی شخصیت جس نے نہ صرف آسٹریلیا بلکہ دنیا بھر کے لاکھوں افراد کے دل میں اپنی جگہ بنائی تھی‘ انہیں اعزاز کے طور پر یہ پیشکش کی تھی ۔ سابق ٹسٹ کیپٹن اور مشہور کامنٹیٹر کا 84 سال کی عمر میں جمعہ کو جلدکے کینسر کی وجہ سے موت ہوگئی ۔ انہوں نے بتایا کہ رچی بیناڈ خانگی اور نجی طور پر آخری رسومات کے خواہاں تھے ۔ اباٹ نے کہا کہ شائد یہی وجہ ہے کہ بیناڈ کی بیوہ ڈیفن نے فون پر وزیر اعظم کے دفتر کو مطلع کیا کہ سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات انجام نہ دی جائیں۔ بیناڈ نے مجموعی طور پر 500 ٹسٹ میچوں میں کھیلا اور کامنٹری دی ۔
سینئر جوڈو فیڈریشن کپ
ہسار 12 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سینئر جوڈو فیڈریشن کپ چیمپئن شپ 26 تا 28 اپریل وجئے واڑہ میں منعقدہ ہوگی ۔ جوڈو فیڈریشن آف انڈیا کے ترجمان نے بتایا کہ اس سہ روزہ چیمپئن شپ برائے مرد و خواتین میں 300 سے زائد کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے۔ انہوں نے مختلف زمروں میں ہونے والے مقابلوں کی تفصیلات بھی بتائی ۔