پیرس ۔ 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلین اوپن چمپیئن اور 2011ء میں یہاں خطاب جیتنے والی چینی کھلاڑی لی نا کو فرنچ اوپن 2014ء کے پہلے ہی راونڈ میں حیران کن شکست برداشت کرنی پڑی جنہیں کرسٹینا مالاڈی نووچ نے 2 گھنٹے 6 منٹ طویل مقابلہ میں شکست دی۔ 2009ء میں فرنچ اوپن کے جونیر زمرہ میں خطاب حاصل کرنے والی کرسٹینا نے آسٹریلین اوپن چمپیئن لی نا کو 5-7 ، 6-3 ، 6-1 سے شکست دی۔ 103 ویں مقام پر فائز کرسٹینا نے انتہائی غیرمعمولی مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی ہے
جبکہ 37 ازخود غلطیوں نے لی نا کے فرنچ اوپن سفر کا خاتمہ کردیا۔ کامیابی کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے کرسٹینا نے کہا کہ خوشی کا اظہار کرنے کیلئے الفاظ ان کا ساتھ نہیں دے رہے ہیں کیونکہ عالمی نمبر 2 اور رواں سیزن پہلا گرانڈ سلام اپنے نام کنے والی کھلاڑی کو شکست دینا غیریقینی ہے۔ لی نا کے اخراج کے بعد فرنچ اوپن سے آسٹریلین اوپن چمپیئنس کا اخراج مکمل ہوچکا ہے کیونکہ گذشتہ رات مرد زمرہ کے آسٹریلین اوپن چمپیئن سوئٹزرلینڈ کے اسٹانسلس واورنکا کو بھی پہلے ہی راونڈ میں شکست ہوئی ہے۔ آج مرد زمرہ میں ایک اور حیران کن نتیجہ بلغاریہ کے دیمترو گریجار کی آئی وو کارلو وچ کے خلاف راست سیٹوں میں شکست ہے۔