روسی کھلاڑی کو امریکی اسٹار کے مقابلہ میں مسلسل 18 ویں شکست ۔ سیرینا ساتویں بار خطاب جیتنے کوشاں
ملبورن 26 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) عالمی نمبر ایک سیرینا ولیمس نے آج مسلسل 18 ویں مرتبہ ماریا شارا پوا کو شکست دیتے ہوئے آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنلس میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ سیرینا اور شارا پوا کی میدان پر طویل رفاقت ہے اور روسی کھلاڑی پر ہر بار امریکی اسٹار سیرینا ولیمس چھائی رہی ہیں۔ چھ مرتبہ کی آسٹریلین اوپن چمپئن نے پانچویں نمبر سیڈ شارا پوا کو 6 – 4, 6 – 1 سے شکست دیدی ۔ سیمی فائنلس میں ان کا مقابلہ اگنیسکا راڈوانسکا سے ہوگا ۔ وہ اوپن گرانڈ سلام ٹورنمنٹس میں 22 خطاب جیتنے کے سابقہ اسٹار کھلاڑی اسٹیفی گراف کے ریکارڈ کے قریب پہونچ رہی ہیں۔ سیمی فائنلس کے تعلق سے بھی قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں جبکہ یہ ریکارڈ ہے کہ سیرینا ولیمس جب کبھی آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنلس کو پار کرنے میں کامیاب رہیں انہوں نے خطاب بھی جیتا ہے ۔ یہی روایت گذشتہ سال بھی رہی تھی اور اس وقت بھی سیرینا نے شارا پوا کو شکست سے دو چار کردیا تھا ۔ پانچ مرتبہ کی گرانڈ سلام چمپئن شارا پوا کیلئے سیرینا ولیمس ایک ایسا مسئلہ بن گئی ہیں جس کا ان کے پاس کوئی حل دکھائی نہیں دے رہا ہے اور وہ ایسی رکاوٹ بن گئی ہیں جسے شارا پوا عبور نہیں کر پا رہی ہیں۔ شارا پوا نے 2004 میں آخری مرتبہ ومبلڈن ٹورنمنٹ کے فائنل میں سیرینا کو شکست دے سکی تھیں۔ 2005 کے آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں ان کی سیرینا کے خلاف شکستوں کا سلسلہ شروع ہوا تھا ۔ اس میچ میں سیرینا نے شارا پوا کو 2 – 6, 7 – 5, 8 – 6 سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی ۔ سیرینا ولیمس نے آج کی کامیابی کے بعد شارا پوا کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا اور کہا کہ وہ ایک جذبہ سے کھیلنے والی کھلاڑی ہیں ۔وہ ساری توجہ میچ پر رکھتی ہیں۔ وہ عالمی نمبر ایک رہ چکی ہیںاور انہوں نے اب تک کئی گرانڈ سلام خطاب جیتے ہیں۔ سیرینا نے کہا کہ ایسا کھیلنے کیلئے ضروری ہے کہ آپ انتہائی جوش و جذبہ کے ساتھ کھیلیں اور شدت پیدا کریں۔ خود وہ بھی سارا ہفتہ جارحانہ ٹینس کھیلتی رہیں لیکن آج کی شروعات ایسی نہیں رہی تھی ۔ سیرینا ولیمس 34 سال کی عمر میں عالمی نمبر ایک مقام رکھنے والی اب تک کی سب سے معمر کھلاڑی ہیں۔ آج کے میچ میں انہوں نے قدرے سست شروعات کی تھی تاہم بعد میں انہوں نے بتدریج میچ پر گرفت بنالی اور شارا پوا کو سنبھلنے کا موقع فراہم کئے بغیر اپنی کامیابی کو یقینی بنالیا ۔ وہ اس بار آسٹریلین اوپن کا خطاب ساتویں مرتبہ جیتنے کی خواہاں ہیں۔