آسٹریلین اوپن سنگلز : یوکی کیخلاف مرے کی کامیابی

ہندوستانی کھلاڑی کی سخت جدوجہد ،عالمی نمبر 6 کو شکست دینے میں ناکامی
ملبورن۔ 19 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹینس کھلاڑی یوکی بھامبری آج عالمی نمبر 6 اینڈی مرے کے خلاف پرعزم اور صبرآزما جدوجہد کے باوجود شکست کے سبب آسٹریلین اوپن سنگلز سے باہر ہوگئے لیکن انہیں اپنے کامیاب حریف کے علاوہ مارگریٹ کورٹ ارینا میں شائقین سے کھچاکھچ بھرے ہوئے اسٹیڈیم سے بھرپور درد و تحسین حاصل ہوئی۔ یوکی بھامبری ایک کوالیفائر کی حیثیت سے مینس سنگلز میں پہونچے تھے لیکن 2 گھنٹے اور 13 منٹ تک مرے کے خلاف سخت جدوجہد کے باوجود 6-7(3) ، 4-6، 3-6 سے شکست فاش ہوگئے۔ یوکی اگرچہ بہترین اسٹروکس لگا رہے تھے اور کئی مرتبہ سرویس جیت کر مرے کو پریشان بھی کیا۔ انہوں نے چند شاندار گراؤنڈ اسٹروکس بھی لگائے۔ یوکی نے دو مرتبہ برطانیہ کے نمبر ایک ٹینس کھلاڑی پر سبقت پانے میں کامیابی حاصل کی۔ 22 سالہ یوکی نے حتی کہ تیسرے سیٹ میں 4-1 سے سبقت بھی حاصل کی، لیکن دو مرتبہ گرینڈ سلام چمپینرہے مرے کے پاس کافی تجربہ تھا جس کی بنیاد پر انہوں نے ہندوستانی کھلاڑی کو پیشرفت سے روک دیا۔ مرے نے یوکی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ’’انہوں نے جارحانہ انداز میں کھیلا۔ میں نے اس سے پہلے کبھی اُن کے ساتھ نہیں کھیلا تھا، وہ ایک باصلاحیت کھلاڑی ہیں‘‘۔ یوکی کوالیفائرس کے تین راؤنڈس میں کامیابی کے لئے 25 رینکنگ پوائنٹس اور 16,000 امریکی ڈالرس پہلے ہی حاصل کرچکے ہیں۔ اصل ڈرا کے پہلے راؤنڈ میں اخراج کے ساتھ انہیں مزید 10 پوائنٹس اور 34,500 امریکی ڈالرس حاصل ہوں گے۔