ملبورن ۔ 22 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلین اوپن 2014 ء کے کوارٹر فائنل میں 3 مرتبہ کے دفاعی چمپین نواک جوکووچ کو 5 سیٹوں پر مشتمل ایک سخت ترین مقابلے میں شکست دیکر سربیائی کھلاڑی کو ٹورنمنٹ سے باہر کرنیو الے سوئٹزرلینڈ کے ٹینس اسٹار اسٹانسلس واؤرنکا نے اپنے کیریئر کی سب سے بڑی کامیابی کے باوجود آسٹریلین اوپن میں خطاب حاصل کرنے کے امکانات کو مسترد کردیا ہے ۔ واؤرنکا نے کہا کہ خطاب ہنوز دور ہے کیونکہ اس راہ میں مزید 2 سخت مقابلے درپیش ہیں۔ سیمی فائنل میں چیک جمہوریائی کھلاڑی ٹامس برڈک کے خلاف مقابلے سے قبل اظہار خیال کرتے ہوئے واؤرنکا نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ جس گرانڈ سلام میں شرکت کی جاتی ہے اُس گرانڈ سلام کے ہر سیمی فائنل میں رسائی ممکن نہیں کیونکہ موجودہ حالات میں جوکووچ ، رافل نڈال ، اینڈی مرے اور راجر فیڈرر ایسے کھلاڑی ہیں جن کی موجودگی میں سیمی فائنل میں رسائی آسان نہیں ہوتی ۔
اردو ۔ ہندی کلچر ل اسوسی ایشن کی نیوزی لینڈ کو مبارکباد
ہیملٹن ۔ 22 جنوری ۔ ( سید مجیب ) اردو ۔ ہندی کلچرل اسوسی ایشن نیوزی لینڈ کے جنرل سکریٹری سید مجیب نے عالمی چمپین ہندوستان کے سیریز میں ناقص مظاہرہ پر مایوسی کا اظہار کیا اور یہاں منعقدہ دوسرے مقابلے میں کامیابی پر میزبان ٹیم نیوزی لینڈ کو مبارکباد دی کیونکہ میزبان ٹیم نے اس مقابلے میں نہ صرف کامیابی حاصل کرتے ہوئے رواں سیریز میں 2-0 کی سبقت حاصل کرلی بلکہ ہندوستانی ٹیم کو آئی سی سی کی درجہ بندی میں پہلے مقام سے بھی محروم کردیا ہے۔