ابوظہبی۔ 17اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام ) پہلی اننگز میں سنچری سے محروم رہنے والے بائیں ہاتھ کے اوپنر فخر زمان نے اپنے پہلے ٹسٹ کی دوسری اننگز میں بھی متاثرکن بیٹنگ کی۔ تاہم وہ سنچری نہیں بنا سکے۔ فخرزمان آوٹ ہونے سے قبل 83 گیندوں میں 7 چوکوں کی مدد سے جارحانہ 66 رنز اسکور کئے۔ دوسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستانی ٹیم نے دو وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز اسکور کرتے ہوئے مقابلہ میں مجموعی طور پر 281 رنز کی سبقت حاصل کرلی ہے۔ دن کے اختتام پر اظہر علی اور حارث سہیل ناٹ آؤٹ تھے جیسا کہ اظہر علی نے 119 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 54 رنز اسکور کرنے کے علاوہ فخر کے ہمراہ دوسری وکٹ کیلئے 91 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی۔ قبل ازیں ٹسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان کے اسکور 282 رنز کے جواب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 145 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔ پاکستان کو دوسری اننگز کے آغاز سے قبل ہی آسٹریلیا پر 137 رنز کی سبقت حاصل ہوئی ۔ پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 12.4 اوور میں 33 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ آسٹریلیا نے آج دوسرے دن کے کھیل کا آغاز 2 وکٹ کے نقصان پر 20 رنز سے کیا تو آسٹریلیائی اوپنر آرون فنچ اور شان مارش وکٹ پر موجود تھے۔ اس موقع پر دونوں بیٹسمینوں نے ٹیم کا اسکور 43 تک پہنچایا تو شان مارش 3 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر حارث سہیل کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ اس کے بعد ہیڈ بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ بھی 14 رنز بنا کر عباس کا شکار بنے۔ عباس کے جانب سے 4 وکٹیں لینے کے بعد پانچویں وکٹ یاسر شاہ کے حصے میں آئی، انہوں نے میچل مارش کو 13 کے انفرادی اسکور پر پویلین بھیجا۔ اس کے بعد بلال آصف کی جانب سے وکٹ لینے کی باری آئی، انہوں نے آسٹریلیائی اوپنر فنچ کی اہم وکٹ 39 کے انفرادی اسکور پر حاصل کی۔ آسٹریلیا کی ساتویں وکٹ ٹم پین کی تھی جو بلال آصف کے ہی حصے میں آئی۔ جبکہ رن آوٹ کی شکل میں پاکستان کو 8 ویں وکٹ ملی۔ جب آسٹریلیا کا اسکور 132 رنز پر پہنچا تو بلال آصف نے نیتھن لائن کو ایل بی ڈبلیو آوٹ کیا، آسٹریلیا کی 10ویں اور آخری وکٹ مچل اسٹارک کی تھی جو محمد عباس کے حصے میں آئی۔