آسٹریلیا 203 پر آؤٹ، 86 رنز کی برتری

پہلے ٹسٹ میں سری لنکائی اسپنرز کامیاب ، نئے بولر لکشن کو 4 وکٹیں
پالیکلے (سری لنکا) ، 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا نے سری لنکن اوپنر کوشل پریرا کو سستے میں آؤٹ کردیا اور اس سے قبل اپنے میزبانوں کے مقابل 86 رنز کی پہلی اننگز کی سبقت حاصل کی، اس طرح یہاں جاری پہلے ٹسٹ میں آج اُن کی گرفت مضبوط ہوگئی۔ پریرا دن کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے، جس کے ساتھ امپائروں کو دوبارہ قبل از وقت کھیل روک دینا پڑا کیونکہ کینڈی کے مضافات میں واقع یہ خوبصورت گراؤنڈ بارش کی زد میں آچکا تھا۔ قبل ازیں آسٹریلیا جوابی اننگز میں 203 پر آؤٹ ہوگیا جبکہ سری لنکا نے پہلی اننگز میں صرف 117 اسکور کئے تھے۔ اسپنر لکشن سندکن نے اپنے کریئر کے آغاز پر چار وکٹیں لئے۔ ویٹرن سری لنکن لیفٹ آرم اسپنر رنگنا ہیرتھ نے بھی چار وکٹیں حاصل کئے اور آسٹریلیائی بیٹسمنوں کو ٹرننگ پچ پر جدوجہد میں مبتلا رکھا۔ آڈم ووجس نے آسٹریلیا کی طرف سے 47 کا ٹاپ اسکور کیا، جس کا مطلب ہوا کہ دونوں ٹیموں سے کوئی کھلاڑی پہلی اننگز میں ہاف سنچری اسکور نہیں کرپایا۔ چونکہ پچ سے راحت کے آثار نہیں ، اس لئے آسٹریلیا والوں کی پہلی اننگز کی سبقت فیصلہ کن ثابت ہوسکتی ہے۔