آسٹریلیا کے دورۂ بنگلہ دیش پر سوالیہ نشان

ڈھاکہ ۔30 مئی (سیاست ڈاٹ کام )آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کا رواں برس دورہ بنگلہ دیش سکیورٹی کلیئرنس سے مشروط ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ڈیوڈ پیور کی جانب سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن کو ذاتی طور پر اسٹیون اسمتھ کی زیر قیادت ٹیم کے دورہ بنگلہ دیش کی یقینی دہانی کروانے کے باوجود تاحال آسٹریلیا کے دورہ بنگلہ دیش پر غیریقینی صورتحات برقرار ہے۔ مجوزہ سیریز کے تحت آسٹریلیائی ٹیم کو18اگست کو بنگلہ دیش پہنچنا ہے جو 22 تا 24اگست تین روزہ پریکٹس میچ سے دورے کا آغاز کرے گی۔ آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹسٹ 27 تا 31 اگست جبکہ دوسرا ٹسٹ 4 تا9ستمبر  کھیلا جائے گا۔ بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ڈیوڈپیور نے گزشتہ ہفتے آئی سی سی اجلاس کے دوران مجھے ضمانت دی تھی کہ سیریز حتمی ہو گئی ہے لیکن جب اس حوالے سے کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان سے پوچھا گیا تو انہوں نے اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا اور کہا کہ ٹیم کا دورہ بنگلہ دیش سکیورٹی کلیئرنس سے مشروط ہے اورصد فیصد مطمئن ہونے کے بعد ہی ٹیم کو بنگلہ دیش بھیجیں گے۔ واضح رہے کہ آسٹریلیائی ٹیم نے 2015میں سکیورٹی خدشات کے باعث دورہ بنگلہ دیش سے دستبرداری اختیار کی تھی۔