آسٹریلیا کے خلاف ویسٹ انڈیز کو شکست کا سامنا

کنگسٹن۔14 جون (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹسٹ میچ کے تیسرے دن آسٹریلیائی ٹیم کا موقب مزید مضبوط ہوگیا ہے اور اس نے میزبان ٹیم کو کامیابی کے لئے 392 رنز کا نشانہ دیا ہے۔کنگسٹن میں تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے ریکارڈ رنز کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 16 رنز بنا لئے تھے۔ویسٹ انڈیز کے آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں چندریکا اور بریتھویٹ شامل ہیں۔ چندریکا کو اپنے پہلے ہی ٹسٹ میچ میں دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہونے کی خفت اٹھانا پڑی۔ان دونوں بیٹسمینوں کو مچل اسٹارک نے ایک ہی اوور میں آؤٹ کیا۔ جب کھیل ختم ہوا تو شین ڈورچ اور ڈیرن براوو کریز پر موجود تھے۔اس سے قبل آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بنا کر اننگز ختم کر دی اور اسے ویسٹ انڈیز پر 391 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوئی۔دوسری اننگز میں آسٹریلیا کے دونوں اوپنرز نے نصف سنچریاں بنائیں اور ٹیم کو 117 رنز کا آغاز دیا۔ شان مارش 69 اور ڈیوڈ وارنر 62 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔اس سے قبل پہلی اننگز میں مشکلات میں گھری ویسٹ انڈیز کی ٹیم جیسن ہولڈر کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت 220 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔جیسن ہولڈر نے 63 گیندوں پر 12 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 88 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے ہولڈر اور کیمر روچ نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز سے جب ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو ٹیم کے سر پر فالوآن کا خطرہ منڈلا رہا تھا۔تاہم ہولڈر نے نہ صرف 63 گیندوں پر 12 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 88 رنز کی اہم اننگز کھیلی بلکہ نویں وکٹ کے لئے ٹیم کے اسکور میں 77 قیمتی رنز کا اضافہ بھی کیا۔آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نیتھن لیون کے حصے میں تین وکٹیں آئیں۔آسٹریلیا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 399 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ اس اننگز کی خاص بات اسٹیون اسمتھ کی شاندار بیٹنگ تھی جنھوں نے 21 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 199 رنز بنائے۔یاد رہے کہ دو ٹسٹ میچوں پر مشتمل اس سیریز میں آسٹریلیا کو 1-0 کی برتری پہلے ہی حاصل ہے۔روسو میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔