ملبورن 18 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) میزبان آسٹریلیا نے ہندوستان کو اوپنر روہت شرما کی شاندار سنچری کے باوجود دوسرے ونڈے میں بھی شکست دیدی ۔ اس نے چار وکٹس سے کامیابی حاصل کی ۔ اس میچ میں ہندوستانی کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ اوپنر روہتر شرما کی شاندار سنچری 138 رنز کے باوجود ہندوستان کوئی بڑا اسکور کھڑا نہیں کرسکا اور پچاس اوورس میں آٹھ وکٹس کے نقصان سے صرف 267 رنز بنائے تھے ۔ ہندوستان کیلئے سریش رائنا نے 51 رنز بنائے ۔ دوسرے بلے باز کوئی بڑا اسکور کھڑا کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ۔ شکھر دھون کو مچل اسٹارک نے آوٹ کیا ۔ انہوں نے دو رن بنائے تھے ۔ آرون فنچ نے ان کا کیچ لیا ۔ اجنکیا رہانے بھی صرف 12 رنز ہی بناسکے ۔ انہوں نے 22 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے دو چوکے لگائے تھے ۔ ہرویندر سندھو کی گیند پر براڈ ہاڈن نے ان کا کیچ لیا جبکہ ویراٹ کوہلی بھی ناکام رہے ۔ انہوں نے 16 گیندوں میں کسی چوکے کے بغیر صرف 9 رن بنائے ۔ ایک جانب سے جہاں جلدی جلدی وکٹیں گر رہی تھیں دوسری جانب سے روہت شرما کریز پر ڈٹے رہے اور انہوں نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے اسٹروکس لگائے ۔ انہوں نے 138 رن 139 گ یندوں میں چار چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے بنائے ۔ تھے ۔ سریش رائنا نے بھی 63 گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے ۔ انہیں مچل اسٹارک کی گیند پر گلین میکس ویل نے کیچ کیا ۔ کپتان مہیندر سنگھ دھونی سے آخری اوورس میں امیدیں تھیں لیکن وہ بھی دباؤ میں زیادہ دیر مقابلہ نہ کرسکے ۔ انہوں نے 31 گیندوں کا سامنا کیا اور دو چوکوں کی مدد سے صرف 19 رن بنائے ۔ انہیں مچل اسٹارک نے صاف بولڈ کردیا ۔
اکشر پٹیل صفر کے اسکور پر اسٹارک کی گیند پرا یل بی ڈبلیو ہوگئے جبکہ روی چندرن اشون نے 14 رن 20 گیندوں میں بنائے ۔ وہ ناٹ آوٹ رہے ۔ بھونیشور کمار پہلی گیند پر مچل اسٹارک کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔ وہ کوئی رن نہیں بناسکے ۔ محمد سمیع تین گیندوں میں دو رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ آسٹریلیا کیلئے مچل اسٹارک سب سے کامیاب بولر رہے اور انہوں نے ہندوستانی اننگز کو تہس نہس کردیا ۔ انہوں نے 10 اوورس میں 43 رنز دیتے ہوئے چھ وکٹس حاصل کئے تھے ۔ پیٹر کمنس شین واٹسن اور میکس ویل کوئی وکٹ نہیں لے سکے جبکہ گرویندر سندھو نے پہلا میچ کھیلتے ہوئے 10 اوورس میں 58 رن دے کر ایک وکٹ لی جبکہ فالکنر کو بھی ایک وکٹ ملی ۔ انہوں نے دس اوورس میں 63 رنز دئے ۔ جواب میں آسٹریلیا کی شروعات بہترین رہی ۔ آرون فنچ اور وارنر نے ٹیم کو اچھی شروعات فراہم کی ۔ دونوں نے پہلی وکٹ کی رفاقت میں 51 رن جوڑے تھے ۔
وارنر کو اومیش یادو نے آوٹ کیا ۔ سریش رائنا نے ان کا کیچ لیا ۔ وارنر نے 22 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 24 رن بنائے تھے ۔ شین واٹسن نے 41 رن جوڑے ۔ انہوں نے 39 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک چھکا اور پانچ چوکے لگائے ۔ اسٹیون اسمتھ بھی کریز پر اچھا مظاہرہ کر رہے تھے ۔ انہوں نے 52 گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے 47 رن جوڑے ۔ محمد سمیع کی گیند پر آر اشون نے ان کا کیچ لیا جبکہ واٹسن کو اکشر پٹیل نے بولڈ کیا ۔ دوسری جانب اوپنر آرون فنچ جمے رہے ۔ انہوں نے بہترین بلے بازی کی تاہم چار رنوں کی کمی سے وہ سنچری سے محروم رہ گئے ۔ انہوں نے 127 گیندوں میں دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 96 رنز جوڑے ۔ میکس ویل 20 رن بناکر اور جارج بیلی پانچ رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ براڈ ہاڈن 13 اور جیمس فالکنر 9 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ آسٹریلیا نے 49 اوورس میں 269 رنز بناکر میچ جیت لیا ۔ ہندوستان کیلئے اومیش یادو نے دو اور بھونیشور کمار ‘ محمد سمیع ‘ اکشر پٹیل اور آر اشون نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ مچل اسٹارک کو ان کی بہترین بولنگ پر میچ آف دی میچ قرار دیا گیا ہے ۔