آسٹریلیا کے خلاف بہتر مظاہرے کیلئے سمیع کی تیاری

نئی دہلی ۔15نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی فاسٹ بولر محمد سمیع نے کہا ہے کہ وہ اپنے حریف ٹیم کے کھلاڑیوں کی ویڈیو دیکھ کر آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی سیریز کی تیاری کررہے ہیں۔ یاد رہے کہ ہندوستان کے فاسٹ بولروں نے انگلینڈ میں بہتر مظاہرہ کیا تھا ، لیکن بیٹسمینس نہیں چل پائے تھے اور ٹیم کو 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ سمیع نے کہا کہ جہاں تک فاسٹ بولروں کا سوال ہے تو ہم نے انگلینڈ میں اچھی کارکردگی کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم آسٹریلیا کے خلاف سیریز کی تیاری کررہے ہیں اور کئی طرح کے ویڈیوز دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکمت عملی جتنا ممکن ہو ، اس سیریز پر توجہ دینے کی ہے کیونکہ ہماری مخالف ٹیم آج بھی آسان نہیں ہے۔ ہم اپنی لائن اینڈ لیتھ صحیح کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں۔ جب سمیع سے اسمتھ اور وارنر کی غیر موجودگی کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ اگر وہ نہیں کھیلتے ہیں تو یقینی طور پر ان کی ٹیم کمزور ہوگی ، لیکن آخر میں آپ کو اپنی حکمت عملی کے حساب سے چلنا ہوتا ہے۔