آسٹریلیا کے خلاف آج دوسرے ٹسٹ کا آغاز ، دھونی کی واپسی

برسبین ۔ 16 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان کل یہاں گبا کی وکٹ پر دوسرے ٹسٹ کا آغاز ہورہا ہے اور ہندوستانی ٹیم میں مہیندر سنگھ دھونی کی واپسی ہوئی ہے جس کے ذریعہ وہ پھر ایک مرتبہ یکجا ہوکر 4 مقابلوں کی سیریز میں بہتر مظاہرہ کیلئے کوشاں ہوگی۔ گذشتہ مقابلہ میں دھونی کی عدم موجودگی میں مہمان ٹیم کارگذار کپتان ویراٹ کوہلی کی قیادت میں بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے ایک یادگار کامیابی کے قریب پہنچ گئی تھی لیکن مقابلہ کے آخری سمت میں اچانک وکٹوں کے زوال نے اسے 48 رنز کی شکست برداشت کرنے پر مجبور کیا۔ مہیندر سنگھ دھونی کے انگوٹھے کے زخم سے صحتییابی کے بعد دوسرے ٹسٹ کیلئے ٹیم میں واپسی ہوئی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ نوجوان کھلاڑیوں کے حوصلوں کو مزید بلند کریں۔ دھونی کی ٹیم میں واپسی کے باوجود موجودہ ٹیم کا کوئی کھلاڑی ماضی میں گبا کی وکٹ پر کھیلنے کا ریکارڈ نہیں رکھتا

اور یہاں کی وکٹ آسٹریلیا کیلئے انتہائی خوش آئند تصور کی جاتی ہے کیونکہ صرف ایک مرتبہ 1988-89ء میں مہمان ٹیم نے کامیابی حاصل کی تھی۔ ہندوستانی ٹیم نے آخری مرتبہ یہاں آسٹریلیا کے خلاف 2003-04ء میں ٹسٹ کھیلا تھا اور سوروگنگولی نے نہ صرف ٹیم کی بہتر قیادت کی تھی بلکہ 144 رنز کی یادگار اننگز بھی کھیلی تھی لہٰذا دھونی کو بھی اسی طرح کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کیلئے مثال قائم کرنی ہوگی۔ دھونی کی واپسی کا مطلب ہیکہ وکٹ کیپر بیٹسمین وریدھیمان ساہا جنہوں نے پہلے ٹسٹ میں وکٹ کیپنگ کی تھی، انہیں اس مقابلہ میں آرام کرنا ہوگا۔ دھونی کیلئے کل مقابلہ کے آغاز سے قبل قطعی 11 کھلاڑیوں کے انتخاب کا مسئلہ درپیش رہے گا کیونکہ فاسٹ بولر بھونیشور کمار زخمی ہوکر پہلے ہی سیریز سے باہر ہوچکے ہیں اور ان کے مقام پر دھول کلکرنی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے نیز آل راونڈر رویندر جڈیجہ بھی ٹیم کو دستیاب نہیں ہیں۔ بیرونی ممالک کھیلے گئے گذشتہ 6 مقابلوں میں 4 ایسے مقابلے رہے جہاں دھونی نے 5 بولروں پر مشتمل بولنگ شعبہ کا انتخاب کیا تھا۔ گبا کی وکٹ پر گھاس موجود ہے اور یہ فاسٹ بولروں کیلئے کافی سازگار ہوگی لیکن ہندوستانی فاسٹ بولروں کیلئے ضروری ہیکہ وہ بولنگ میں ڈسپلن کا مظاہرہ کریں۔ روی چندرن اشون نیٹ پراکٹس میں کافی مصروف دکھائی دیئے اور امید ہیکہ قطعی کھلاڑیوں میں ان کی واپسی ہوگی۔

علاوہ ازیں ہندوستانی ٹیم 5 بولروں کو کھلانے کا فیصلہ کرتی ہے تو روہت شرما کو ٹیم سے باہر ہونا ہوگا کیونکہ پہلے ٹسٹ میں وہ خاطرخواہ مظاہرہ نہیں کرپائے تھے۔ دھونی کیلئے قیادت کا مسئلہ بھی درپیش رہے گا کیونکہ بیرون ممالک کھیلے گئے 5 ٹسٹ مقابلوں میں شکست اور 3 مقابلے ڈرا ہوئے تھے جبکہ صرف ایک مقابلہ میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ ہندوستانی ٹیم کو ایڈیلیڈ ٹسٹ میں بھی حالانکہ شکست ہوئی لیکن صرف ایک ٹسٹ میں قیادت کرنے والے کپتان ویراٹ کوہلی نے مختلف طرز کا مظاہرہ کیا ہے۔ کوہلی نے سیریز کے آغاز پر جارحانہ کھیل کے ذریعہ ایک مثال قائم کی ہے اور اس کے بہتر نتائج بھی حاصل ہوئے ہیں۔ مرلی وجئے، چیٹیشور پجارا کے علاوہ کپتان نے 2 سنچریاں اسکور کی ہیںلیکن اوپنر دھون کا ناقص مظاہرہ ٹیم کیلئے انتہائی تشویش کا باعث ہے اور گبا کی وکٹ ان کیلئے مزید مشکلات پیدا کرسکتی ہے۔