آسٹریلیا کی 26 برس بعد فائنل میں رسائی

برسبین۔22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا نے بیلاروس کو شکست دیکر فیڈریشن کپ ٹینس ٹورنمنٹ کے فائنل میں 26 برس بعد پہنچ گیا۔ اس سے قبل آسٹریلیائی ٹیم آخری مرتبہ 1993 میں ایونٹ کے فیصلہ کن معرکے میں رسائی حاصل کرپائی تھی۔ میزبان اسٹار ایشلیگ بارٹی اور سمانتھا اسٹوسر نے فیصلہ کن ڈبلز میں بیلاروسی جوڑی وکٹوریا آذرنیکا اور آریانا سیبالینکا کو شکست دی اور ان کی جیت کا اسکور 7-5،3-6 اور6-2 رہا۔ فائنل اب نومبر میں ہے۔ ابتدائی دن دونوں ٹیموں نے ایک ایک سنگلزمقابلہ جیتا تھا جبکہ پہلے ریورس سنگلز میں آذرنیکا نے اسٹوسر کیخلاف 6-1 اور6-1 سے فتح سمیٹ کر مہمان ٹیم کو برتری دلوائی لیکن دوسرے ریورس سنگلز میں ایشلیگ نے سیبالینکا کو 6-2،6-2 سے شکست دیکر ٹائی کو ڈبلز میں پہنچادیا۔